کراچی کا نوجوان تاجر میر رضا زندہ ہے؟ سابق پولیس افسر نیاز کھوسہ کا چونکا دینے والا مفروضہ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

کراچی کے ہائی پروفائل میر رضا علی کیس میں سندھ پولیس کے ایک سابق سینئر افسر نے ایک نیا اور چونکا دینے والا مفروضہ پیش کیا ہے۔ سابق ایس ایس پی نیاز احمد کھوسہ نے امکان ظاہر کیا ہے کہ 25 سالہ کاروباری نوجوان اور آئی بی اے گریجویٹ شاید زندہ ہو اور بھاری قرضوں سے بچنے کے لیے روپوش ہوگیا ہو۔

سابق ایس ایس پی نے سوشل میڈیا پر جاری تفصیلی تحریر میں دعویٰ کیا کہ کیس میں بڑی منصوبہ بندی کے آثار دکھائی دیتے ہیں۔

انہوں نے حالیہ سرجانی ٹاؤن کے ایک مبینہ شناختی فراڈ کیس سے مماثلت بھی ظاہر کی جہاں ایک جوڑے پر الزام ہے کہ انہوں نے مالی مشکلات سے بچنے کے لیے ایک شخص کو قتل کرکے شوہر کی موت کا ڈرامہ رچایا تھا۔

شناخت کی تبدیلی اور مالی فائدے کا شبہ

نیاز احمد کھوسہ نے پی ای سی ایچ ایس قبرستان سے نکالی گئی باقیات کی شناخت پر بھی سوالات اٹھائے۔ ان کے مطابق لاش کی جسمانی حالت بری طرح متاثر تھی اور کیمیائی مواد کے استعمال سے شناخت مشکل بنانے کا شبہ پیدا ہوتا ہے۔

سابق پولیس افسر نے دعویٰ کیا کہ مبینہ مقتول کے فنگر پرنٹس تباہ کیے گئے جبکہ تیزاب کے ذریعے چہرے کو شدید مسخ کیا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ جن سینئر تفتیشی افسران سے انہوں نے مشاورت کی، ان کے ذہن میں بھی لاش کی شناخت کے حوالے سے اسی نوعیت کے سوالات موجود ہیں۔

انہوں نے مالی پہلو کی طرف توجہ دلاتے ہوئے کہا کہ اطلاعات کے مطابق میر رضا کے پاس بھاری مالیت کی لائف انشورنس موجود ہوسکتی ہے۔ کھوسہ کے مطابق خودکشی کی صورت میں انشورنس کلیم ختم ہوجاتا ہے اس لیے قتل کا تاثر پیدا کرنا یا شناخت تبدیل کرنا مالی فائدے کے لیے ایک ممکنہ محرک ہوسکتا ہے۔

سابق ایس ایس پی نے سرجانی ٹاؤن کے حالیہ واقعے کو بھی بطور مثال پیش کیا جہاں مبینہ طور پر ایک جوڑے نے شوہر کو قرض خواہوں سے بچانے کیلئے ایک شخص کی لاش پر اس کا شناختی کارڈ رکھ کر موت کا ڈرامہ رچایا تھا۔ کھوسہ کا کہنا ہے کہ میر رضا کیس میں بھی اسی طرز کی کسی کارروائی کا امکان خارج نہیں کیا جاسکتا۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ پر بھی سوالات

نیاز احمد کھوسہ نے ابتدائی میڈیکو لیگل ریکارڈ پر بھی اعتراض اٹھاتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گولی کے داخل ہونے اور نکلنے کے زخموں کے سائز کا اندراج الٹ انداز میں کیا گیا۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ جسم پر گولی کے راستے سے بظاہر فائرنگ پیچھے سے ہونے کی نشاندہی ہوتی ہے جس سے خودکشی کا امکان رد ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ تیار کرنے والا ڈاکٹر یا تو انتہائی نااہل تھا یا پھر رپورٹ کو جان بوجھ کر متاثر کیا گیا۔

خاندان کی جانب سے قتل کی تحقیقات میں سرگرم کردار ادا کرنے کے سوال پر سابق پولیس افسر نے موقف اختیار کیا کہ مالی دعوے کو قابلِ قبول بنانے کے لیے میڈیا کوریج اور اعلیٰ سطح کی توجہ بھی ضروری ہوسکتی تھی۔

ڈی این اے رپورٹ پر نظریں

کیس کی موجودہ تفتیش ایس ایس پی سمیع اللہ سومرو کی سربراہی میں جاری ہے۔ نیاز احمد کھوسہ کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے میر رضا کے والدین کے ڈی این اے نمونے حاصل کرلیے ہیں جنہیں قبر سے نکالی گئی لاش کے نمونوں سے ملایا جائے گا۔

سابق افسر نے بتایا کہ کارروائی کی نگرانی کرنے والے قانونی ماہرین، جن میں وکیل حبیب احمد بھی شامل ہیں اس امکان سے اتفاق کرتے ہیں کہ میر رضا شاید زندہ ہو تاہم اب اصل حقیقت کا فیصلہ حتمی ڈی این اے رپورٹ سے ہوگا جو یہ طے کرے گی کہ قبر سے برآمد ہونے والی باقیات واقعی میر رضا کی ہیں یا نہیں۔

Related Posts