بھارتی گلوکار اور یوٹیوبر انکت بالیان کو مسلح افراد نے حملے کے دوران فائرنگ کرکے ہلاک کردیا ہے۔ انکت بالیان بھارتی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھنے والے ہریانوی موسیقی کے معروف گلوکار مانے جاتے ہیں۔
نامعلوم حملہ آوروں نے جم سے نکلتے وقت بھارتی گلوکار انکت بالیان کو نشانہ بنایا اور فائرنگ کرکے انہیں موقعے پر قتل کردیا۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ انکت بالیان بدھ کی شام تقریباً 7 بجے جم سے ورزش کرکے نکلے تھے اور جب اپنی گاڑی کے قریب پہنچے تو 4نامعلوم افراد نے گولیوں کی بوچھاڑ کردی۔
میڈیا کا کہنا ہے کہ مسلح افراد نے تقریباً ٍ12 گولیاں چلائیں جن میں سے متعدد انکت بالیان کو لگ گئیں اور وہ انتقال کر گئے۔ بھارتی پولیس کے مطابق مسلح ملزمان فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جبکہ واقعے کی مزید تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے۔
پولیس قتل کی وجوہات کا تعین کرنے کیلئے مختلف پہلوؤں سے کیس کی تفتیش کر رہی ہے۔ ہریانوی گانوں کے باعث شہرت حاصل کرنے والے انکت بالیان گلوکاری کے علاوہ یوٹیوب پر بھی فعال تھے اور اپنی ویڈیوز کے باعث مداحوں میں اہم شہرت رکھتے تھے۔
بھاری کورٹ میں گولی ماریں گے، میری جان، گولی کے بارود، جاٹ جاٹنی اور دیگر کئی مشہور گیت گانے والے انکت بالیان کی موسیقی کو دیسی انداز، ہریانوی ثقافت اور نوجوانوں کے موضوعات کے باعث مقبولیت حاصل ہوئی۔ واقعے کے بعد انکت بالیان کے اہل خانہ اور مقامی افراد نے لاش سڑک پر رکھ کر ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا اور احتجاج جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








