کراچی میں موسم ایک بار پھر گرم رخ اختیار کرنے والا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 13 ستمبر سے درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ظاہر کردیا ہے جس کے باعث شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی اوپر جانے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے ترجمان و ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم کے مطابق 12 اور 13 ستمبر کے دوران ایک مغربی موسمی نظام سندھ میں داخل ہوسکتا ہے جس کے نتیجے میں تھرپارکر اور اس کے گردونواح میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی سسٹم کے اثرات کراچی کے ہواؤں کے نظام پر بھی پڑ سکتے ہیں اور سمندر سے آنے والی جنوب مغربی ہواؤں کا معمول کا سلسلہ جزوی یا مکمل طور پر متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ماہرین کے مطابق سمندری ہواؤں کی رفتار یا سمت میں تبدیلی کے نتیجے میں شہر کا درجہ حرارت بڑھ سکتا ہے جس سے شہریوں کو دن کے اوقات میں معمول سے زیادہ گرمی محسوس ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے واضح کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کے تحت کراچی میں اس مغربی سسٹم کے باعث بارش کی کوئی پیشگوئی نہیں کی گئی جبکہ سندھ میں بارش کا امکان بنیادی طور پر تھرپارکر اور ملحقہ علاقوں میں ظاہر کیا گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








