گیمنگ کی دنیا میں متوقع ویڈیو گیم “گرینڈ تھیفٹ آٹو 6” (GTA 6) کی مبینہ بڑی لیک سامنے آنے کے بعد ہلچل مچ گئی ہے۔ مبینہ ہیکرز نے دیگر گیم پبلشرز کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ”کوئی بھی ایسے حملوں سے محفوظ نہیں ہے۔“
سائبر لیک (Cyberleek) نامی گروپ نے مبینہ طور پر گیم کی دو گیم پلے ویڈیوز اور ایک تصویر جاری کرنے کی ذمہ داری قبول کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ GTA 6 کے نقشے کی تصویر ہے۔
گروپ کا کہنا ہے کہ یہ لیک ڈیجیٹل پری آرڈرز، ”جعلی“ سنگل پلیئر ڈی ایل سی، سونی کی جانب سے فزیکل ڈسکس ختم کرنے اور جدید گیمز میں آف لائن بیک اپ موڈز کی عدم موجودگی کے خلاف احتجاج کا حصہ ہے۔
لیک ہونے والی ویڈیوز میں مبینہ طور پر گیم کے مرکزی کردار جیسن کو پانی کے کنارے واقع گھر کے باہر باسکٹ بال کھیلتے ہوئے دکھایا گیا ہے، جبکہ دوسری ویڈیو میں ایک سڑک پر جھگڑے کا منظر ہے جو پولیس کی مداخلت اور پرتشدد واقعے تک پہنچ جاتا ہے۔
ایک الگ تصویر بھی گردش کر رہی ہے جسے گیم کی فلوریڈا سے متاثر فرضی ریاست ”لیونیڈا“ (Leonida) کا مکمل نقشہ قرار دیا جا رہا ہے۔
مبینہ لیک میں گیم کے کچھ نئے فیچرز کا بھی انکشاف ہوا ہے، جن میں گاڑیوں میں ایندھن کی سطح اور انجن کی حالت کا نظام شامل ہے۔ رپورٹس کے مطابق باسکٹ بال کھیلنے سے کردار کی ”فوکس“ (Focus) صلاحیت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ مبینہ نقشے میں دونوں قابلِ استعمال کرداروں، ریس ٹریکس اور کیز (Keys) کے قریب ایک چھوٹی ایئر اسٹرپ کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
راک اسٹار گیمز کا ردعمل:
راک اسٹار گیمز نے لیکس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صورتحال ترقیاتی ٹیم کے لیے ”دل توڑ دینے والی“ ہے اور یہ وہ طریقہ نہیں تھا جس کے ذریعے وہ اتنے عرصے بعد مداحوں کو گیم دکھانا چاہتے تھے۔
مزید لیکس کا امکان:
رپورٹس کے مطابق سائبر لیک کا ویب سائٹ اور ٹیلی گرام چینل اب آف لائن ہوچکے ہیں۔ تاہم راک اسٹار گیمز نے عوامی طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کی کہ یہ پلیٹ فارمز کس کارروائی کے نتیجے میں بند ہوئے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








