جنوری حکومت کا آخری مہینہ ہے، ان کو گھر جانا پڑیگا، بلاول بھٹوزر داری

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

جنوری حکومت کا آخری مہینہ ہے، ان کو گھر جانا پڑیگا، بلاول بھٹوزر داری
جنوری حکومت کا آخری مہینہ ہے، ان کو گھر جانا پڑیگا، بلاول بھٹوزر داری

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پشاور:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے جا نے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنوری حکومت کا آخری مہینہ ہے، ان کو گھر جانا پڑیگا۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہاکہ حکومت کے جانے کا وقت آگیا ہے، اب پاکستان کے عوام فیصلہ کریں گے کہ اس ملک میں کس کی حکمرانی چلے گی۔

بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ سلیکٹڈ کا بوجھ عام آدمی اٹھا رہا ہے، پہلے آٹا، چینی اور تیل کا بحران تھا، اب گیس کا بحران بھی پیدا ہوگا، ان حکمرانوں کی وجہ سے آٹا، چینی، گھی، پیٹرول، گیس اور آلو مہنگا ہوگیا، موجودہ حکومت میں لوگ مرغی تو کیا انڈا بھی نہیں خرید سکتے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہاکہ سوات اور جنوبی وزیرستان میں پاکستان کا پرچم جمہوریت کی وجہ سے لہرا رہا ہے، پورے خیبر پختونخوا کا مطالبہ ہے کہ گو عمران گو، خیبرپختونخوا کے حکمران یہاں کے لوگوں کے نہیں سیلکٹرز کے نمائندے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ہمارے جلسے روکنے کے لیے انہیں کورونا یاد آتا ہے، یہ حکمران کرپشن کے خلاف سب سے زیادہ چیختے تھے لیکن یہ سب سے زیادہ کرپٹ نکلے۔

یہ پی پی پی اور پی ڈی ایم کا وعدہ ہے کہ عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ جو آئی ڈی پیز بے گھر ہوئے ان کی مدد نہیں کی گئی، آپریشن کے بعد عوام کے مسائل حل کرنے کا وقت آتاہے تو وہ اپنے آپ کو اکیلا محسوس کرتا ہوں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج بھی لاپتہ افراد میں اضافہ ہو رہا اور لاپتہ افراد کے مرکز قائم ہیں، جس کے حوالے سے مرحوم جسٹس وقار سیٹھ نے کہا تھا اور عدالت کا بھی حکم تھا کہ وہ پولیس کے حوالے کریں لیکن افسوس کی بات ہے آج تک اس پر کوئی کام نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم چیف جسٹس وقار سیٹھ کو سلام پیش کرتے ہیں، ملک میں ایسے بہادر جج بھی موجود ہیں جن کے قلم سے ایسے فیصلے بھی آتے ہیں اور ان میں ہمت ہے کہ آمر کے خلاف فیصلہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ حکومت کے دور میں تاریخی غربت اور تاریخی مہنگائی ہے، سلیکٹڈ حکومت کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں، ان کی وجہ سے پہلے چینی کا بحران آیا پھر آٹا کا بحران اور اب گیس کا بحران آنے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ ادویات کی قیمتوں میں اتنا اضافہ ہوچکا ہے کہ پہلے جینا مشکل تھا اب جینا بھی مہنگا اور مرنا بھی مہنگا ہوچکا ہے۔

یہ عمران خان او ر اس کے سہولت کاروں کا نیا پاکستان ہے، یہ تو کرپشن کے زیادہ خلاف تھے اور زیاد چیختے تھے لیکن سب کو پتہ چل گیا ہے کہ یہ تو کرپٹ ترین حکومت نکلی ہے۔انہوں نے کہاکہ اب تو ٹرانسپرنسی بھی کہہ رہی ہے کہ پی ٹی آئی اور عمران خان کے دور میں کرپشن میں اضافہ ہوا ہے، کرپشن تو حکومت کرتی ہے مگر نیب کے نشانے پر صرف اور صرف اپوزیشن ہوتی ہے۔

Related Posts