اسلام آباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 27 پیسے سے لے کر 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر تک کا اضافہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 27 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا ہے جس کے نتیجے میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 337 روپے 51پیسے سے بڑھ کر 337روپے 78 پیسے فی لیٹر ہوگئی۔
وفاقی حکومت کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 1 روپے 64 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے۔ جس کے نتیجے میں ڈیزل کی قیمت 363روپے 6 پیسے سے بڑھ کر 364روپے 70 پیسے ہوگئی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یہ اضافہ 21 اگست سے نافذ العمل ہوگا۔، نئی قیمتوں کے جاری نوٹیفکیشن پر عملدرآمد آج رات 12 بجے سے شروع کردیا جائے گا۔
حکام کا ماننا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بار بار کیا جانے والا ردوبدل امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف شروع کی گئی جنگ کے بعد خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ردِ عمل ہے، جس کا مقصد ملکی معیشت میں استحکام لانا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








