خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں مولانا محمد یونس شہید جبکہ ان کا 10سالہ بیٹا زخمی ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہنگو میں نامعلوم مسلح افراد نے مولانا محمد یونس درمند کو دکان سے گھر واپس جاتے ہوئے فائرنگ کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں مولانا محمد یونس کا 10 سالہ بیٹا موسیٰ بھی زخمی ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مولانا محمد یونس درمند کو گھر کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے شہید کیا اور فائرنگ کے باعث وہ موقعے پر جاں بحق ہوگئے جبکہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے لیا۔
پولیس کے تفتیشی افسران نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے۔ ایس ایچ او فیاض خان کا کہنا ہے کہ پولیس نے مولانا محمد یونس کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردی ہے جبکہ زخمی بچے کو بھی طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔
تاحال مسلح افراد کی شناخت یا مولانا محمد یونس سے ذاتی دشمنی سمیت قاتلانہ حملے کی کسی بھی حقیقی وجہ کا تعین نہیں کیاجاسکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ میں ملوث ملزمان کی تلاش اور واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








