دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز نے دورانِ پرواز ہنگامی سگنل جاری ہونے کے بعد اپنا رخ تبدیل کیا اور بدھ کو سعودی عرب کے شہر تبوک کے ایئرپورٹ پر بحفاظت لینڈ کرگئی۔
اسرائیلی سکیورٹی ذرائع کے مطابق طیارے سے غیر قانونی مداخلت اور عمومی ہنگامی صورتحال کے سگنلز موصول ہوئے تھے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہنگامی صورتحال کی وجہ طیارے کے دونوں پائلٹس کے درمیان مبینہ جھگڑا اور ہاتھا پائی بنی۔
رپورٹس کے مطابق پرواز میں تقریباً 180 اسرائیلی مسافر سوار تھے۔ ہنگامی سگنلز موصول ہونے کے بعد اسرائیلی فضائیہ نے الرٹ کی سطح بڑھا دی اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جنگی طیارے بھی روانہ کیے گئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق چیف آف اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال زامیر نے واقعے کے حوالے سے اعلیٰ فوجی حکام کے ساتھ صورتحال کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل عمر ٹشلر،آپریشنز ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ میجر جنرل اٹزک کوہن اور انٹیلیجنس ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ میجر جنرل شلومی بِنڈر بھی شریک ہوئے۔
اس سے قبل ہنگامی صورتحال کو ممکنہ ہائی جیکنگ کے خدشے سے بھی جوڑا گیا تھا تاہم دستیاب ابتدائی معلومات کے مطابق طیارہ سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا ہے۔
نوٹ؛ واقعے سے متعلق مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں اور صورتحال کی مزید وضاحت کا انتظار ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








