ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت مختلف شہروں میں 100 روپے تک بڑھ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا سب سے مہنگا فروخت ہو رہا ہے، جہاں اس کی اوسط قیمت 3 ہزار 133 روپے 33 پیسے تک پہنچ گئی ہے۔ راولپنڈی میں یہی تھیلا 3 ہزار 93 روپے 33 پیسے میں دستیاب ہے۔
رپورٹ کے مطابق خضدار میں ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کا تھیلا 100 روپے مہنگا ہوا، بہاولپور میں 60 روپے، حیدرآباد میں 40 روپے جبکہ لاڑکانہ اور کوئٹہ میں 20، 20 روپے اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق کوئٹہ میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 700 روپے، بنوں میں 2 ہزار 900 روپے اور پشاور میں 3 ہزار 100 روپے تک پہنچ چکی ہے۔
کراچی میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3 ہزار روپے تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ لاہور میں اس کی قیمت 2 ہزار 300 روپے ہے۔ گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، ملتان اور بہاولپور میں 20 کلو آٹے کا تھیلا تقریباً 2 ہزار 800 روپے میں دستیاب ہے، جبکہ سکھر میں 2 ہزار 580 اور لاڑکانہ میں 2 ہزار 620 روپے تک فروخت کیا جا رہا ہے۔
آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے عوام، خصوصاً غریب اور متوسط طبقے کے لیے گھریلو بجٹ مزید متاثر کر دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








