واٹس ایپ پر خواتین کو نشانہ بنانے والا نیا فراڈ بے نقاب

تازہ ترین

تازہ ترین

موبائل فون صارفین، خصوصاً خواتین، محتاط ہو جائیں۔ واٹس ایپ کے ذریعے فراڈ کا ایک نیا طریقہ سامنے آیا ہے، جس میں سائبر مجرم جعلی پارسل ڈیلیوری کا بہانہ بنا کر صارفین کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک کر رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جعلساز خود کو معروف کوریئر کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کرتے ہوئے واٹس ایپ کال کرتے ہیں اور دعویٰ کرتے ہیں کہ صارف کے نام ایک پارسل آیا ہے۔ وہ ڈیلیوری یا ایڈریس کی تصدیق کے بہانے صارف کے موبائل پر بھیجا گیا ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) طلب کرتے ہیں۔

جیسے ہی متاثرہ شخص واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ شیئر کرتا ہے، فراڈی اسی نمبر کو دوسری ڈیوائس پر رجسٹر کرکے واٹس ایپ اکاؤنٹ اپنے قبضے میں لے لیتے ہیں۔

اکاؤنٹ ہیک ہونے کے بعد سائبر مجرم متاثرہ شخص کے رشتے داروں، دوستوں اور دیگر رابطوں کو ہنگامی ضرورت کا بہانہ بنا کر پیغامات بھیجتے ہیں اور فوری رقم منتقل کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت واٹس ایپ کا تصدیقی کوڈ یا OTP کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں، چاہے کال کرنے والا خود کو بینک، کوریئر کمپنی، موبائل کمپنی یا کسی سرکاری ادارے کا نمائندہ ہی کیوں نہ ظاہر کرے۔

پی ٹی اے نے مشورہ دیا ہے کہ اگر پارسل سے متعلق کوئی کال موصول ہو تو پہلے متعلقہ کوریئر کمپنی سے براہِ راست رابطہ کرکے اس کی تصدیق ضرور کریں۔

Related Posts