پٹرولیم لیوی کے خلاف جاری احتجاجی تحریک میں جماعت اسلامی نے اگلے مرحلے کا اعلان کرتے ہوئے ملک گیر ہڑتال اور اسلام آباد لانگ مارچ کا فیصلہ کرلیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ احتجاجی تحریک مزید تیز کی جائے گی اور ملک بھر کے تمام اضلاع میں احتجاجی کیمپ قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ 13 ربیع الاول، جمعرات کے روز ملک گیر ہڑتال کی جائے گی، جس کے بعد اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ بھی کیا جائے گا۔
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی دھرنے ختم کرنے کے لیے حکومت سے مذاکرات نہیں کرے گی، بلکہ مطالبہ یہ ہے کہ پٹرولیم لیوی کے نام پر عائد ٹیکس ختم کیا جائے۔
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مافیاز پہلے چینی کی درآمد سے فائدہ اٹھاتے رہے اور اب برآمد کے ذریعے فائدہ حاصل کریں گے۔ ان کے بقول گزشتہ ایک سال کے دوران آٹے کی قیمت میں 62 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
جماعت اسلامی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی تحریک اور ملک گیر ہڑتال میں بھرپور شرکت کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








