بلدیہ جنوبی میں 10 لاکھ ماہانہ بھتے پر بغیر چالان بیرونی اشتہار لگ گئے

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

external advertisements were issued without challan in DMC south

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی : بلدیہ جنوبی میں ڈائریکٹر آوٹ ڈور ایڈورٹائزمنٹ عبدالغنی کی تعیناتی کے بعد غیرقانونی بیرونی اشتہارات لگانے کا سلسلہ جاری ہے، بلدیہ جنوبی میں 10 لاکھ ماہانہ بھتے پر بغیر چالان مزید 2بیرونی اشتہار لگ گئے ۔

بلدیہ جنوبی کے میونسپل کمشنر کی جانب سے من پسند ڈائریکٹر آوٹ ڈور ایڈورٹائزمنٹ عبدالغنی کو بلدیہ جنوبی میں تعینات کروانے کے بعد سے بلدیہ جنوبی میں غیر قانونی اور ادارے کو بغیر چالان ادا کیے بیرونی اشتہارات کی بھر مار شروع ہو گئی ہے۔

ڈی ایم سی ساؤتھ کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچا کر لاکھوں کا فائدہ اٹھانے والے ایم سی جنوبی اختر شیخ اور ڈائریکٹر عبدالغنی نے پرائم سروس کے سربراہ عارف سے مبینہ طور پر10لاکھ روپے ماہانہ بھتے پر 2 مقامات پر بغیر چالان وصول کیے اشتہار لگوا دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں اشتہارات مختلف عمارتوں پر 26 اسٹریٹ کلفٹن میں لگا دیے گئے ہیں جو گزشتہ ماہ کے آخری ہفتے میں لگائے گئے تھے اور ایک ماہ گزر جانے کے باوجود تاحال لگے ہوئے ہیں۔

باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک اشتہار کا سائز کے حساب سے 21 لاکھ ،87 ہزار 500 روپے کا چالان بننا تھا تاہم پرائم سروس کے عارف کی جانب سے بھاری نذرانے کی پیشکش کو ڈائریکٹر عبدالغنی نے قبول کر کے بغیر چالان وصول کیے یہ دونوں سائٹس پر بیرونی اشتہار لگانے کی اجازت دے کر ایڈوانس رقم مبینہ طور پر 20 لاکھ روپے وصول کی گئی اور اب ماہانہ 10 لاکھ روپے وصول کیے جا رہے ہیں ۔

ذرائع کے مطابق ایم سی کا حصہ 5 لاکھ روپے ، ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کا حصہ مبینہ طور پر 3 لاکھ روپے اور ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ عبدالغنی کا حصہ 2 لاکھ روپے ماہانہ طے پایا ہے ۔ اس گھناؤنے کھیل سے ڈی ایم سی ساؤتھ کو کروڑوں روپے کے ٹیکس سے کرپٹ افسران نے محروم کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر یہ رقم جنوبی کے ٹیکس میں جمع ہوتی تو ضلع جنوبی کی ترقی میں اضافے اور ضروری ترقیاتی امور کی انجام دہی میں بہت کام آتی۔

مذکورہ افسران اس سے قبل بلدیہ شرقی میں بھی محکمہ آوٹ ڈور ایڈورٹائزمنٹ میں بڑے پیمانے پر گھپلے کر چکے ہیں اور ان کے خلاف اینٹی کرپشن اور نیب میں بھی انکوائری کی گئی تھی ۔

پہلے سے کرپشن میں ملوث افسران کو سندھ حکومت کی سرپرستی حاصل ہونے کے باعث یہ لوگ اپنی من پسند جگہوں پر تعینات ہو جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں:کراچی میں لوٹ سیل، کے ڈی اے کے کرپٹ افسران نے سروس روڈ بھی بیچ دیا

کراچی خصوصاََ بلدیہ جنوبی کے عوام نے وزیر اعلیٰ سندھ ، سیکریٹری لوکل گونمنٹ بورڈ سندھ ، کمشنر کراچی اور دیگر اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان افسران کو فوری معطل کر کے ان کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور ان افسران سمیت ایڈورٹائزمنٹ کمپنی کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کیا جائے تاکہ ایسے عناصر سے اس شہر اور صوبے کی جان چھوٹ جائے اور بلدیہ جنوبی کو اس کا ٹیکس مل سکے جو یہاں کے عوام کا حق ہے۔

اس حوالے سے مختلف سیاسی ، سماجی اور مذہبی تنظیموں نے بھی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ سے سخت ایکشن لینے کی اپیل کی ہے۔

Related Posts