عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں دو روزہ تیزی کے بعد بدھ کو ایک بار پھر کمی دیکھنے میں آئی۔ امریکی تیل کے ذخائر میں توقع سے زیادہ اضافے نے قیمتوں کو دباؤ میں لایا تاہم مشرق وسطیٰ میں سپلائی سے متعلق خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں کمی محدود رہی۔
تازہ کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت 73 سینٹ یعنی 0.67 فیصد کم ہوکر 108.02 ڈالر فی بیرل ہوگئی جبکہ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی کے نرخ 1.10 ڈالر یعنی 1.04 فیصد کمی کے بعد 104.73 ڈالر فی بیرل پر آگئے۔
اس سے ایک روز قبل عالمی منڈی میں خام تیل کی دونوں اہم اقسام کی قیمتوں میں 3 ڈالر سے زائد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور نرخ 19 مئی کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گئے تھے۔
سعودی عرب کی ینبع بندرگاہ سے تیل کی ترسیل میں رکاوٹ اور یورپی مارکیٹ کے لیے سعودی تیل کی سپلائی میں کمی نے گزشتہ روز عالمی سرمایہ کاروں میں رسد کے حوالے سے تشویش پیدا کی تھی جس کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں تیزی دیکھی گئی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








