صوبہ بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دھماکے کے نتیجے میں اسکول کے 3 طلبہ سمیت 5افراد جاں بحق ہوگئے ہیں، دھماکے سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ مستونگ میں گرلز ہائی اسکول سول ہسپتال چوک پر بم دھماکے کے نتیجے میں 15افراد زخمی ہوئے ہیں جن کی اکثریت اسکول کے طلبہ پر مشتمل ہے۔
رپورٹ کے مطابق دہشت گردوں نے پولیس موبائل کو دھماکے سے اڑانے کی کوشش کی تاہم اسکول کی وین بھی دھماکے کی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں اسکول کے 3 بچوں اور ایک پولیس اہلکار سمیت 5افراد جاں بحق ہوگئے۔
دھماکے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کو ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ دھماکے سے زخمی ہونے والے ایک شخص کے دورانِ علاج ہسپتال میں دم توڑ جانے کے باعث اموات کی تعداد 5 ہوگئی۔ بم دھماکے سے پولیس وین بھی تباہ ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ بم دھماکے کے وقت پولیس موبائل چوک پر ہی موجود تھی، دھماکے سے دیگر گاڑیوں اور رکشوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ بلوچستان حکومت نے بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔