صوبہ پنجاب کے شہر سیالکوٹ میں قانون ساز اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 کا ضمنی انتخاب شروع ہوگیا جس میں ن لیگ اور پی ٹی آئی کے مابین سخت مقابلہ متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کے حلقہ پی پی 38 میں ضمنی انتخاب کیلئے سامان کی ترسیل مکمل کر لی گئی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور تحریکِ انصاف کے مابین سخت مقابلہ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات میں 2 نوجوان قتل، لواحقین میتوں سمیت اسلام آباد پہنچ گئے
پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 کی نشست ن لیگی رکن اختر سبحانی کے انتقال پر خالی ہوئی۔ پولنگ صبح 8 بجے سے شروع ہوئی جو شام پانچ بجے تک بلا تعطل جاری رہے گی۔
قانون ساز اسمبلی کے حلقہ پی پی 38 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 33 ہزار 422 ہے۔ ضمنی انتخاب کیلئے مجموعی طور پر 165 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
حلقہ پی پی 38 کے 165 میں سے 30 پولنگ اسٹیشنز حساس ترین قرار دئیے گئے ہیں۔ گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن نمبر 63 میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔
ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ عملے کو بارش کا پانی جمع ہوجانے کے باعث آمدورفت میں دشواری کا سامنا ہے۔ ووٹنگ کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار احسن سلیم اور ن لیگی امیدوار چوہدری محمد طارق سبحانی کے مابین سخت مقابلہ ہوگا۔
ن لیگ اور پی ٹی آئی کے علاوہ ٹی ایل پی اور 5 آزاد امیدوار بھی حلقہ پی پی 38 کے ضمنی انتخاب کیلئے میدان میں اترچکے ہیں تاہم سخت مقابلہ تحریکِ انصاف اور ن لیگ کا ہوگا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان تحریکِ انصاف آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں سادہ اکثریت حاصل کرنے کے بعد حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگئی۔
آج سے 2 روز قبل آزاد کشمیر میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر بلاتعطل شام 5بجے تک جاری رہی۔پی ٹی آئی نے 25، پیپلز پارٹی نے 11 جبکہ ن لیگ نے 6 نشستیں حاصل کیں۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات، پی ٹی آئی سادہ اکثریت کرنے میں کامیاب ہوگئی