اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کی حکومت مہنگائی میں کمی لانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے افراطِ زر میں کمی لانے کا فیصلہ کیا، افراطِ زر میں کمی لارہے ہیں اور یوٹیلٹی اسٹور کے ذریعے سبسڈی دی جارہی ہے۔
پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے اشیائے خوردونوش پر سبسڈی کے نمایاں ہوتے اثرات خوشی کا باعث ہیں۔ جنوری کی نسبت فروری میں افراطِ زر کی شرح میں 2 فیصد سے زیادہ کمی آئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم مہنگائی میں کمی اور عوام کا بوجھ ہلکا کرنے کے لیے اقدامات اٹھانے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
افراط زر میں کمی کے کابینہ کے فیصلوں اور یوٹیلیٹی سٹورز کے ذریعے اشیائے خورونوش پر سبسڈی کے نمایاں ہوتےثمرات باعث مسرت ہیں۔جنوری کی نسبت فروری میں افراط زر کی شرح میں 2% سے بھی زیادہ کمی آئی۔ ہم مہنگائی میں کمی اورعوام کابوجھ ہلکا کرنے کیلئے اقدامات اٹھانےکا سلسلہ جاری رکھیں گے pic.twitter.com/zHgUvLZsk0
— Prime Minister's Office (@PakPMO) March 3, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ایک ماہ کے دوران افراطِ زر کی شرح میں 2.2 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔وزیر اعظم عمران خان کو پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق فروری میں افراطِ زر کی شرح 12 اعشاریہ 4 فیصد ہو گئی۔
رواں سال کے پہلے مہینے کے دوران افراطِ زر کی شرح 14 اعشاریہ 6 فیصد تھی جس میں فروری کے دوران 2.2 فیصد کی کمی آئی جبکہ شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح میں بھی 2.2 فیصد کمی آئی۔
مزید پڑھیں: ایک ماہ میں افراطِ زر کی شرح میں 2.2 فیصد کی کمی آئی