بوری میں بند سر کٹی لاش کس کی تھی؟ لاہور پولیس نے سراغ لگا لیا! ملزم گرفتار

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ آن لائن)

لاہور کے علاقے بادامی باغ میں خالی پلاٹ سے چادر اور بوری میں لپٹی سر کٹی لاش ملنے کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس نے مقتول کی شناخت محمد شفیق کے نام سے کرلی ہے جبکہ قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو واردات کے 24 گھنٹے کے اندر گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایس پی انویسٹی گیشن فرحت عباس کے مطابق مقتول محمد شفیق کا تعلق گوجرانوالہ کے علاقے نوشہرہ ورکاں سے تھا اور وہ محنت مزدوری کے سلسلے میں لاہور میں مقیم تھا۔ پولیس کو جائے وقوعہ سے ملنے والے شناختی کارڈ کی جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ یہ مقتول کے بجائے اس کے سوتیلے بھائی کا تھا۔

بادامی باغ لاہور

قتل کے بعد پولیس کو گمراہ کرنے کی مبینہ کوشش

پولیس حکام کے مطابق مقتول کا سر دھڑ سے جدا تھا اور جسم پر تشدد کے نشانات بھی موجود تھے۔ تفتیش میں یہ بات سامنے آئی کہ ملزم نے مبینہ طور پر قتل کے بعد جائے وقوعہ پر اپنے سوتیلے بھائی کے شناختی کارڈ کی نقل پھینکی تاکہ تفتیش کا رخ تبدیل کیا جا سکے اور اسے مقدمے میں ملوث کیا جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ مقتول محمد شفیق آرائیں کو بادامی باغ میں قتل کیا گیا، جس کے بعد ملزم مبینہ طور پر اس کے سر اور جسمانی اعضا کو الگ کرکے مریدکے میں مختلف مقامات پر پھینک آیا۔ بعد ازاں لاش کو بوری میں بند کرکے ایک خالی پلاٹ میں ڈال دیا گیا۔

مقتول تین بچوں کا باپ تھا

پولیس کے مطابق محمد شفیق تین بچوں کا والد تھا اور روزگار کے لیے لاہور میں محنت مزدوری کرتا تھا۔ مقتول کے بیٹے محمد نعمان نے مردہ خانے میں اپنے والد کی لاش کی شناخت کی۔

ایس پی انویسٹی گیشن فرحت عباس کے مطابق ملزم کو پیشہ ورانہ تفتیش اور ہیومن انٹیلیجنس کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم کی نشان دہی پر مقتول کا سر اور جسمانی اعضا بھی برآمد کرلیے گئے ہیں۔

جائیداد کے تنازعے کا پہلو بھی سامنے آگیا

پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے دوران جائیداد کے حصول سے متعلق معاملہ بھی سامنے آیا ہے۔ حکام کے مطابق ملزم مبینہ طور پر اپنے سوتیلے بھائیوں کو قتل کے مقدمے میں پھنسانا چاہتا تھا جبکہ مقتول اور ملزم آپس میں رشتہ دار تھے۔

دوسری جانب فرانزک ماہرین اور کرائم سین یونٹ نے جائے وقوعہ سے شواہد اور فنگر پرنٹس اکٹھے کرلیے ہیں۔ پولیس کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کیا گیا جبکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Related Posts