پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی صحت سے متعلق تشویشناک اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل اور سابق ترجمان فیصل چوہدری نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو باضابطہ طور پر ایک ہنگامی درخواست جمع کروائی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان کا بلڈ پریشر انتہائی بلند ہو چکا ہے اور ان کی صحت کے پیش نظر فوری ملاقات ناگزیر ہے۔
فیصل چوہدری کی جانب سے دی گئی درخواست میں یہ انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بگڑتی ہوئی صحت کی اطلاعات صرف پارٹی ذرائع تک محدود نہیں بلکہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے اہم ارکان سے بھی اس کی گونج سنائی دی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے مذاکراتی عمل میں شامل رانا ثنا اللہ، نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی جیسے رہنماؤں کے پاس بھی عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویشناک رپورٹس موجود ہیں اور ان معلومات کی سنگینی کو ہرگز نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
درخواست میں مزید یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ عمران خان کی صحت کی حالت کو دیکھتے ہوئے کسی غیر ملکی طبی ماہر (ڈاکٹر) سے بھی مشاورت کیے جانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
فیصل چوہدری نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی سلامتی، خیریت اور طبی حالت کا براہِ راست جائزہ لینے کے لیے قانونی ٹیم کو فوری طور پر ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








