مونومینٹل اسٹیڈیم میں یادوں کا باب رقم ہوگا! میسی کو شاندار الوداع دینے کی تیاری

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

فٹبال کی دنیا کے بے تاج بادشاہ اور ارجنٹائن کے لیجنڈری کھلاڑی لیونل میسی کے چاہنے والوں کے لیے دل کو چھو لینے والا لمحہ آن پہنچا۔ ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن نے باضابطہ طور پر اس بات کی تصدیق کر دی ہے کہ مداحوں کے ہر دلعزیز کھلاڑی ایک بار پھر اپنی روایتی نیلی اور سفید جرسی زیب تن کرکے میدان میں اتریں گے۔

تفصیلات کے مطابق 39 سالہ لیونل میسی اپنے شاندار اور ریکارڈ ساز بین الاقوامی کیریئر کو الوداع کہنے کے لیے رواں سال 6 اکتوبر کو بیونس آئرس کے مشہور زمانہ مونومینٹل اسٹیڈیم میں بینن کے خلاف ارجنٹائن کی جرسی میں اپنا آخری میچ کھیلیں گے۔

اے ایف اے کے صدر کلاڈیو تاپیا کے مطابق، قومی ٹیم کے کوچ لیونل اسکالونی کی مشاورت سے میسی کو ایک شاندار الوداعی میچ کی پیشکش کی گئی تھی جسے فٹبال کے اس سپر اسٹار نے بخوشی قبول کر لیا ہے۔

واضح رہے کہ لیونل میسی نے اب تک ارجنٹائن کی طرف سے 207 میچز میں شرکت کی ہے اور حریف ٹیموں کے خلاف 125 گول اسکور کیے ہیں۔ ان کے کیریئر کا سب سے بڑا اور یادگار لمحہ 2022 کا فیفا ورلڈ کپ جیتنا تھا جہاں انہوں نے اپنی ٹیم کو تاریخی فتح دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔

اگرچہ 2022 کے عالمی کپ کے بعد ان کے کیریئر کا یہ باب بظاہر بغیر کسی بڑے باقاعدہ الوداعی جشن کے تمام ہوا تھا لیکن اب ارجنٹائن کے اس عظیم فٹبالر کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر لاکھوں چاہنے والوں کے سامنے آخری بار ایکشن میں دیکھنے کا موقع ملے گا۔

ذرائع کے مطابق 2022 کی فاتح ورلڈ کپ اسکواڈ کے تمام کھلاڑیوں اور ان کے اہلِ خانہ کو بھی اس پروقار اور جذباتی تقریب میں خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے جس سے اس الوداعی رات کے مزید یادگار ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔

Related Posts