افریقی ملک سوڈان کی ریاست مغربی کردفان میں سونے کی ایک غار منہدم ہونے کے نتیجے میں کم از کم 60 افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق یہ دلخراش واقعہ اتوار کے روز پیش آیا۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کر دیں جن کے دوران کچھ کان کنوں کو زندہ نکالنے میں بھی کامیابی ملی ہے تاہم اب تک 60 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی بنیادی وجہ کان کے اندر حفاظتی انتظامات کا فقدان اور خستہ حالی تھی۔ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملبے کے نیچے اب بھی کئی افراد دبے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا اندیشہ ہے۔ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
واضح رہے کہ سوڈان کا شمار افریقا کے ان نمایاں ممالک میں ہوتا ہے جہاں سونے کے وسیع ذخائر موجود ہیں تاہم یہاں کان کنی کے بیشتر امور انتہائی فرسودہ اور خطرناک طریقوں سے انجام دیے جاتے ہیں جس کی وجہ سے آئے روز اس نوعیت کے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








