لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی، انہوں نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ میرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالا جائے۔
مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی درخواست سماعت کے لیے مقرر کرتے ہوئے لاہور ہائی کورٹ نے ہدایت کی ہے کہ درخواست گزار مریم نواز 15 جنوری کو درخواست کے ساتھ حاضر ہوں۔
درخواست گزار مریم نواز نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ میرا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالا جائے اور میرا پاسپورٹ واپس کیا جائے، میں بیرونِ ملک جانا چاہتی ہوں۔
مریم نواز نے لاہور ہائی کورٹ سے درخواست کی ہے کہ مجھے 6 ہفتے کے لیے ملک سے باہر جانے دیا جائے جبکہ دوسری جانب کابینہ اراکین نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی ہے۔
لاہور ہائی کورٹ میں جسٹس طارق عباسی کی سربراہی میں معزز ججز کا 2 رکنی بینچ مریم نواز کی ای سی ایل سے نام خارج کرنے کی درخواست پر سماعت کرے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی درخواستیں دوسرے بنچ کو بھجوانے سے انکار کر دیا۔
لاہور ہائیکورٹ میں 26 دسمبر کو مریم نواز کی درخواستوں پر سماعت اس سے قبل ہونی تھی تاہم جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں قائم بنچ موسم سرما کی عدالتی تعطیلات کے باعث تحلیل ہوگیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کیس کسی دوسرے بنچ کو بھجوانے سے انکارکر دیا اور کہا کہ آئندہ سماعت جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں ہی بنچ کرے گا۔
مزید پڑھیں: ہائیکورٹ کا مریم نواز کی درخواستیں دوسرے بنچ کو بھجوانے سے انکار