پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے میں امریکی پرچم لہرانے والے کارکن کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی آئی امریکی پرچم لہرانے کے فیصلے کو مسترد کرتی ہے اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بھی اس پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔
یہ واقعہ 9 نومبر 2024 کو صوابی میں پی ٹی آئی کے جلسے کے دوران پیش آیا، جب ایک کارکن نے اچانک امریکی پرچم لہرایا، جس سے جلسے میں شریک افراد میں تناؤ پیدا ہوگیا۔
قریب موجود حامیوں نے کارکن کو پرچم نیچے کرنے کی تاکید کی اور اس مظاہرے کو روکنے کی درخواست کی۔ کچھ تکرار کے بعد کارکن نے پرچم نیچے کر دیا، لیکن اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور مختلف ردعمل سامنے آئے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کو امریکا میں صدارتی الیکشن میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کیلئے اقدامات کی امید ہے جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کارکنان کا رجحان امریکا کی طرف ہوگیا ہے۔