بھارتی ایئر لائن ایئر انڈیا کی احمد آباد سے لندن جانے والی بدقسمت پرواز AI-171 جب حادثے کا شکار ہوئی، تو اس میں سوار 241 افراد زندگی کی بازی ہار گئے لیکن اسی ملبے، ماتم اور موت کے سائے میں ایک ایسا لمحہ بھی رقم ہوا جو کسی معجزے سے کم نہیں۔
بھومی چوہان نامی ایک خاتون مسافر، جو اسی پرواز میں سوار ہونے والی تھیں، صرف دس منٹ تاخیر کی وجہ سے جہاز میں سوار نہ ہو سکیں اور یوں ایک ہولناک انجام سے معجزانہ طور پر بچ گئیں۔
بھومی چوہان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کی لندن روانگی کی تمام تیاریاں مکمل تھیں، بورڈنگ پاس بھی حاصل کر لیا گیا تھا، لیکن ایک غیر متوقع ٹریفک جام نے اُن کی گاڑی کو ایئرپورٹ پہنچنے سے روک دیا۔ جب وہ ایئرپورٹ پہنچیں، تو پرواز روانہ ہو چکی تھی اور وہ مایوس ہو کر واپس لوٹ گئیں۔
لیکن کچھ گھنٹوں بعد جب خبر ملی کہ وہی پرواز تباہ ہو چکی ہے، تو اُن کی حالت غیر ہو گئی۔بھومی چوہان نے بھارتی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ میں کانپنے لگی، دماغ سن ہو گیا، میں سوچ بھی نہیں سکتی کہ میں کتنی قریب تھی موت سے۔
وہ اب بھی اس صدمے میں ہیں اور اُن کا کہنا ہے کہ وہ بار بار یہی سوچ رہی ہیں کہ اگر وہ صرف دس منٹ پہلے پہنچ جاتیں، تو آج اُن کا نام بھی مرنے والوں میں شامل ہوتا۔
حادثے نے جہاں 241 خاندانوں کو غم میں مبتلا کیا، وہیں بھومی چوہان کے لیے یہ زندگی کا ایک نیا موقع، ایک ناقابل یقین نجات اور ایک جیتی جاگتی شہادت ہے کہ کبھی کبھی تقدیر چند لمحوں میں سب کچھ بدل سکتی ہے۔