اسلام آباد: کراچی کے صارفین کے لیے بجلی کے نرخوں میں ممکنہ طور پر 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کا امکان ہے ، درخواست پر نیپرا 19 جون کو سماعت کرے گا۔
یہ تجویز کے الیکٹرک کی جانب سے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں دی گئی درخواست کے تحت پیش کی گئی ہے۔
اگر یہ کمی منظور ہو جاتی ہے تو صارفین کو مجموعی طور پر 7اعشاریہ 17 ارب روپے کا ریلیف ملنے کی امید ہے، جو موجودہ مہنگائی اور بجلی کی بلند قیمتوں کے تناظر میں خوش آئند قرار دی جا رہی ہے۔
اس سے قبل 5 جون کو نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے مارچ کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی بنیاد پر کے الیکٹرک کے نرخوں میں 2 روپے 99 پیسے فی یونٹ کی کمی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، جو جون کے بلوں میں شامل ہوگا۔
کراچی میں جاری غیر اعلانیہ اور شدید لوڈشیڈنگ نے نہ صرف شہریوں کو پریشان کر رکھا ہے بلکہ منتخب نمائندوں کو بھی احتجاج پر مجبور کر دیا ہے۔ موسم گرما کی شدت کے ساتھ بجلی کی قلت میں اضافے نے عوامی غصے کو بڑھا دیا ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے بجلی کے بلند نرخوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی اصل ذمہ داری حکومتی پالیسیوں پر عائد ہوتی ہے۔