دیر کے ایک بازار میں آگ لگنے سے 10 دکانیں جل کر راکھ کا ڈھیر بن گئیں۔ فائر برگیڈ کے بروقت جائے وقوعہ پر نہ پہنچنے کے باعث آگ پھیلنے کا خدشہ ہے۔
آگ لگنے کی اطلاع سامنے آنے کے بعد مقامی شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوششیں شروع کردیں۔ آتشزدگی سے جلنے والی دکانوں میں لاکھوں کا سامان راکھ کا ڈھیر بن گیا۔ مقامی افراد نے فائر برگیڈ کے جائے وقوعہ پر نہ پہنچنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کی رپورٹ کے مطابق دیر بازار میں لگنے والی آگ پر تاحال قابو نہیں پایا جاسکا۔ آگ ڈوگ درہ کے بازار میں لگی جہاں مقامی افراد اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ اہلِ علاقہ نے فائر برگیڈ کی نااہلی پر احتجاج بھی کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل لاہور میں کرول گھاٹی کی کیمیکل فیکٹری میں آگ لگنے سے بھاری نقصان ہوا۔ آتشزدگی کے باعث فیکٹری میں رکھے تھنر اور کیمیکل کے ڈرم پھٹ گئے۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق کیمیکل فیکٹری میں لگی ہوئی آگ کے شعلے آسمان سے باتیں کرنے لگے۔ لاہور کی رنگ روڈ کے قریب کرول گھاٹی میں واقع پینٹ فیکٹری رات گئے آتشزدگی کا شکار ہوئی۔