وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نجی ٹی وی اینکر شاہ زیب خانزادہ کے استدلال کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی فنڈز صوبائی فنانس ایوارڈ کے ذریعے اضلاع کو جانے چاہئیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نجی ٹی وی اینکر شاہ زیب خانزادہ کا ٹویٹ شیئر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیرا علیٰ پنجاب عثمان بزدار اسلام آباد میں تھے۔
نجی ٹی وی اینکر شاہ زیب خانزادہ نے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کے شیئر کردہ ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر عثمان بزدار تحریکِ انصاف کے ممبرانِ قومی اسمبلی سے ملاقات کرنے کے لیے گئے۔
اینکر شاہ زیب خانزادہ نے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ اراکینِ قومی اسمبلی کی شکایت ہے کہ پنجاب کے ایم پی ایز کو تو ترقیاتی فنڈز دے دئیے گئے، مگر ہمیں نہ دئیے جا سکے۔
شاہ زیب خانزادہ نے کہا کہ انہی ترقیاتی فنڈز کو وزیر اعظم عمران خان ماضی میں بدعنوانی کا سب سے بڑا ذریعہ کہتے تھے، جس کا وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے جواب دیا۔
وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے شاہ زیب خانزادہ کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ رکنِ قومی اسمبلی کے طور پر میرا فرض ہے کہ میں اپنے علاقے کو اس کا جائز حق لے کر دوں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اگر میں اپنے علاقے کو حق لے کر نہ دے سکوں تو اس کی نمائندگی کا مجھے کوئی حق نہیں۔ موجودہ وقت میں فنڈز کی تقسیم کا نظام انتہائی متنازعہ ہے۔ ایسا نہیں چل سکتا۔
آپ کا استدلال غلط ہے،ترقیاتی فنڈز صوبائ فنانس ایوارڈ کے ذریعے اضلاع میں جانے چاہئیں،بحیثیت MNA میرا فرض ہے کہ اپنے علاقے کو اس کا جائز حق لیکر دوں اگر میں ایسا نہیں کر سکتا تو مجھے اس علاقے کی نمائندگی کا حق نہیں ہے،اس وقت فنڈز کی تقسیم کا نظام انتہائ متنازعہ ہے ایسا نہیں چل سکتا https://t.co/MK8If1tBlo
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) December 13, 2019