جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے امیر، سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو، جے یوآئی سندھ کی صوبائی مجلس عاملہ کے اراکین مولانا صالح الحداد، مولانا سراج احمد شاہ امروٹی، مولانا عبدالقیوم ہالیجوی، مولانا عبدالکریم عابد، محمد اسلم غوری، مولانا سعود افضل ہالیجوی، مولانا تاج محمد ناہیوں، حاجی عبدالمالک ٹالپر، علامہ سمیع الحق سواتی، مولانا محمد غیاث، مولانا صالح اندھڑ ، مولانا فتح محمد مہیری ، حاجی امین الله، سرور بلیدی ایڈوکیٹ، حافظ سراج احمد چنا ودیگر رہنماؤں نے وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور بیٹنی کی ٹریفک حادثے میں المناک شہادت پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دل دہلا دینے والا سانحہ ہے جسے فراموش نہیں کیا جاسکتا، واقعے کی صاف شفاف اور آزادانہ تحقیقات ہونی چاہئیں تاکہ کوئی ابہام باقی نہیں رہے۔
انہوں نے کہاکہ مفتی عبدالشکور شہید علم وعرفان کا تابندہ ستارہ اور مظلوموں و محکوم طبقے کی توانا آواز تھے ،پارلیمانی تاریخ میں منفرد حیثیت رکھتے تھے، انہوں نے منتخب ہونے سے قبل الیکشن کمپین موٹر سائیکل پر چلائی۔
انہوں نے حج آپریشن 2022 اور 2023 میں پاکستان حجاج کو سہولیات کی فراہمی اور حج کو سستا آسان اور عوامی بنانے کیلئے ان کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ مفتی عبدالشکور شہید صداقت و امانت سادگی اور اخلاص کا پیکر اور خلفائے راشدین رضوان علیہم اجمعین کی سیرت پر عمل پیرا تھے۔
جے یوآئی رہنماؤں نے کہا کہ مفتی عبدالشکور کی اچانک حادثاتی شہادت سے جمعیت علمائے اسلام ایک نڈر ، بےباک ،دلیر حق گو اور زیرک سیاستدان سے محروم ہوگئی ہے۔ مفتی عبدالشکور نے زندگی بھر جبرواستبداد کیخلاف جدوجہد کیساتھ قال اللہ اور قال الرسول کے لئے وقف کررکھی تھی۔
انہوں نے جے یوآئی کے پلیٹ فارم سے تادم شہادت عوام کی بے لوث خدمت کی ہے ۔ جمعیت علمائے اسلام کے پلیٹ فارم سے ان کی دینی ، ملی ، علمی ، سیاسی اور سماجی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گے۔ اُنہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مفتی عبدالشکور شہید کے درجات بلند فرمائے اور ان کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے تمام پسماندگان کو صبرجمیل عنایت فرمائے۔