اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے چینی کی سمگلنگ، ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف بڑے کریک ڈان کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت لاہور میں منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس میں کیاگیا۔
اجلاس میں نگران وزیر اعلی محسن نقوی، وزیراعظم کے معاون خصوصی احد چیمہ، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری خوراک پنجاب، آئی جی پولیس پنجاب اور دیگر حکام شریک ہوئے۔
پی ایم آفس میڈیا ونگ کے بیان کے مطابق وزیراعظم نے ناجائز منافع خوری اور سمگلنگ کی اطلاعات پر سخت برہمی کا اظہار کیااورسمگلنگ کے تدارک کے لیے کل اسلام آباد میں اعلی سطح کا اجلاس طلب کر لیا۔
اجلاس میں چینی سمیت دیگر اشیا کی سمگلنگ کے خاتمے کے لئے ملک گیر کارروائی کی حکمت عملی تیار ہو گی۔ وزیراعظم نے سمگلنگ، ناجائز منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث کرداروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے اورانہیں سخت سزا دینے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ عوام کو سمگلروں، ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔ انہوں نے کہاکہ عوام کو ستانے والوں سے حساب لیں گے۔ وزیراعظم نے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کو صوبے میں چینی کی قیمت کنٹرول کرنے کے لئے موثر اقدامات اور نگرانی کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے وزیر اعلی پنجاب کو چینی مل مالکان سے ملاقات اوران سے مل کر چینی کی قیمتوں میں اضافہ روکنے کے اقدامات کی ہدایت کی۔ گزشتہ ہفتے بھی وزیراعظم نے اس مسئلہ پر اسلام آباد میں اجلاس منعقد کیا تھا، وزیراعظم کے اقدامات سے چینی کی قیمت 92 روپے کلو پر واپس آئی تھی۔
مزید پڑھیں:نورمقدم قتل: ظاہر جعفر کی سزائے موت کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل
وزیراعظم شہباز شریف نے صوبائی حکومت کو طریقہ کار وضع کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزوں سے پکڑی جانے والی چینی عوام کو معیاری قیمت پر فراہم ہو سکے۔