لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے ”تمام فیصلوں ” کی حمایت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کے شیڈول کے اعلان سے چند گھنٹے قبل ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں عمران خان کے تمام فیصلوں کی حمایت کروں گا۔
خیال ہے کہ عمران خان آج رات لاہور کے مشہور لبرٹی چوک میں پارٹی کے عوامی اجتماع کے دوران پنجاب اسمبلی کی تحلیل کی تاریخ کا اعلان کریں گے، لیکن تحلیل کی تاریخ پر پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے درمیان اختلافات کی اطلاعات ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان نے اپنے سیاسی مخالفین کو ”زیرو” کر دیا ہے اور کہا کہ افواہیں پھیلانے والے لوگ ہمارے اور عمران خان کے درمیان دراڑ ڈالنے میں ایک بار پھر ناکام ہو گئے ہیں۔
حکومت نے کہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی اور اس کے اتحادی جس بھی حلقے سے استعفیٰ دیں گے اس پر انتخابات کا انعقاد یقینی بنائے گی اور ان اسمبلیوں کے لیے بھی انتخابات کرائے گی جو تحلیل ہو سکتی ہیں۔
اعلان سے قبل، پرویز الٰہی نے لاہور کے زمان پارک میں پی ٹی آئی کے سربراہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ کے صاحبزادے مونس الٰہی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان نے آج کے جلسے میں وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی کو اپنے پاس بیٹھنے کو کہا۔ وزیر اعلیٰ کی شام 7 بجے پی ٹی آئی کے سربراہ سے دوبارہ ملاقات متوقع ہے۔
ایک ٹویٹ میں مونس الٰہی نے یہ بھی کہا کہ وہ عمران خان سے ملے ہیں اور ان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
مزید پڑھیں:بلاول کیخلاف ہرزہ سرائی، پاکستان نے بھارتی وزارتِ خارجہ کا بیان مسترد کردیا
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما مونس نے گزشتہ رات بھی سابق وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ مونس نے عمران خان کو ساری صورتحال پر اعتماد میں بھی لیا۔