کراچی: حویلیاں طیارہ حادثے میں مشہور و معروف نعت خواں جنید جمشید کی وفات کو 5 برس مکمل ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 52 سالہ سابق پاکستانی گلوکار جنید جمشید پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) کی پرواز نمبر پی کے 661 کے ذریعے چترال سے واپسی کے دوران حویلیاں کے مقام پر طیارہ حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہوئے جو ملکی تاریخ کے بڑے حادثات میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔
عاصم اظہر میرے سوتیلے بھائی نہیں، نہ ہی ہم کزن ہیں۔میرب علی
کرتارپور میں فوٹو شوٹ، اشتہار بنوانے والی کمپنی نے معذرت کرلی
آج سے 5سال قبل 7دسمبر کے روز یہ افسوسناک حادثہ جنید جمشید کے مداحوں کے دل پر بجلی بن کر گرا۔ جنید جمشید نے وائٹل سائنز کے میوزیکل بینڈ سے گلوکاری کے میدان میں عروج حاصل کیا۔ انہوں نے متعدد نغمے گا کر عوام سے داد سمیٹی جس میں دل دل پاکستان کا ملی نغمہ اہم سمجھا جاتا ہے۔
ہر سال 14 اگست کے موقعے پر دیگر ملی نغموں سمیت دل دل پاکستان بھی گنگنایا جاتا ہے۔عوام کی بڑی تعداد جنید جمشید کو یاد کرتی ہے اور ان کے گائے ہوئے گیتوں اور نعتوں کی تعریف کرتی ہے۔ جنید جمشید نے طویل عرصے تک وائٹل سائنز کیلئے گلوکاری کی اور بہت سے یادگار گیت گائے۔
آگے چل کر جنید جمشید نے گلوکاری سے توبہ کرکے حمد و نعت پڑھنا شروع کی تو میرا دل بدل دے اور الٰہی تیری چوکھٹ پہ سوالی بن کے آیا ہوں جیسے یادگار کلام سے عوام کے دلوں پر راج کیا۔حویلیاں طیارہ حادثے کے نتیجے میں جنید جمشید سمیت 47 مسافروں نے جان کی بازی ہار دی۔
معروف نعت خواں اور مبلغِ اسلام جنید جمشید نے گلوکار، نعت خواں، مبلغ، فیشن ڈیزائنر اور تاجر کی حیثیت سے کامیاب زندگی گزاری۔آج جنید جمشید کی پانچویں برسی کے موقعے پر مداح انہیں یاد کر رہے ہیں۔اس موقعے پر جنید جمشید کی یادگار نعتیں عوام کے دلوں کی دھڑکن بن گئیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل معروف سابق گلوکاراور نعت خواں جنید جمشید سمیت 47 افراد کی وفات کا باعث بننے والے حویلیاں طیارہ حادثے کی تحقیقات مکمل ہو گئیں، جبکہ یہ واقعہ 7 دسمبر 2016ء کو پیش آیا تھا۔
قبل ازیں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کے شعبۂ انجینئرنگ کی غفلت بے نقاب ہو گئی، طیارہ حادثے کی رپورٹ طیارہ حادثہ تحقیقاتی بورڈ نے گزشتہ برس نومبر میں جاری کی جس کے مطابق حادثے کا شکار طیارے کا 1 انجن بند جبکہ دوسرے کا بلیڈ ٹوٹ گیا تھا۔
مزید پڑھیں: جنید جمشید کے ساتھ طیارہ حادثہ کیسے پیش آیا؟ رپورٹ جاری