تاجکستان کے صدر امام علی رحمان 2 روزہ دورے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

تاجکستان کے صدر امام علی رحمان 2 روزہ دورے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے
تاجکستان کے صدر امام علی رحمان 2 روزہ دورے کیلئے اسلام آباد پہنچ گئے

اسلام آباد: تاجکستان کے صدر امام علی رحمان پاکستان کے 2 روزہ دورے کیلئے آج اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق تاجکستان کے صدر امام علی رحمان دونوں ممالک کے مابین دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کیلئے پاکستان پہنچے ہیں۔ وفاقی وزیر خسرو بختیار نے نور خان ائیر بیس پر ان کا استقبال کیا۔

تاجک صدر امام علی رحمان کے ہمراہ اعلیٰ سطح کا وفد بھی اسلام آباد پہنچا ہے۔ دو روزہ دورے کے دوران تاجک صدر اور وزیرِ اعظم عمران خان کی ملاقات ہوگی جس کے دوران وفود کی سطح پر مذاکرات منعقد ہوں گے۔

دفترِ خارجہ سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق پاکستان اور تاجکستان کے مابین تعلقات تاریخی و مذہبی حوالوں سے بے حد گہرے اور مربوط ہیں۔ دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، توانائی اور تعلیم سمیت دیگر اہم امور پر گفتگو ہوگی۔

دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے کیلئے متعدد معاہدوں اور مفاہمتوں پر دستخط کیے جائیں گے۔ صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی اپنے تاجک ہم منصب امام علی رحمان سے ملاقات کریں گے جس کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلۂ خیال ہوگا۔

ترجمان دفترِ خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین تعلقات تاریخ اور ثقافت کے حوالوں سے بھی اہم ہیں۔ وسطی ایشیاء سے روابط کو مضبوط بنانے کے پاکستانی ویژن کے مطابق تاجکستان پاکستان کیلئے ایک اہم ملک ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری کے مطابق پاکستان تاجکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور عوامی تعلقات کی بنیاد پر گہرے روابط کا خواہش مند ہے۔ عالمی مسائل پر دونوں ممالک کے مؤقف میں یکسانیت اور ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔

اہم بات یہ ہے کہ تاجکستان ایس سی او (شنگھائی تعاون تنظیم) کا سربراہ ہے۔ مارچ 2021ء میں وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی تاجکستان کا دورہ کرچکے ہیں جہاں دوشنبے میں ان کی تاجک قیادت سے اہم ملاقاتیں ہوئیں۔ 

یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے تاجکستان کے ہارٹ آف ایشیاء استنبول عمل کی نویں وزارتی کانفرنس کے موقعے پر ترک ہم منصب میولوت چاوش اولو سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کے امن و امان پر گفتگو ہوئی۔

 شاہ محمو قریشی نے 2 ماہ قبل 30 مارچ کو ترک وزیرِ خارجہ میولوت چاوش اولو کے ساتھ ملاقات کے موقعے پر دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال کیا جن میں سیاسی و سفارتی تعلقات، معاشی تعاون، دفاعی تعلقات اور تعلیم و ثقافت کے شعبوں میں باہمی تعاون شامل ہے۔

مزید پڑھیں: وزیرِخارجہ کی ترک ہم منصب سے ملاقات، دو طرفہ تعلقات پر تبادلۂ خیال

Related Posts