وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو دنیا کی نظروں سے اوجھل رکھا جارہا ہے۔
عالمی یومِ انسانی حقوق کے موقعے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر میں 80 لاکھ کشمیریوں کو گھروں میں محصور ہونے پر مجبور کیا گیا، عالمی برادری کو مسئلۂ کشمیر کے حل کے لیے آگے آنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: گزشتہ ماہ کے دوران کشمیر میں 7 افراد شہید، 60 گرفتار
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر سے نجات کے لیے لاکھوں مظلوم کشمیری مسلسل جدوجہد میں مصروف ہیں جبکہ عالمی برادری سے اس ضمن میں اقدامات کی توقع کی جارہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ دنیا بھر میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقعے پر اقوامِ عالم کی توجہ کشمیر کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر میں غیر مسلح عوام کو گزشتہ 4 ماہ سے زائد عرصے سے بد ترین کرفیو کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق پامال کیے جاتے ہیں، ٹرانسپورٹ اور ذرائع ابلاغ پر پابندیاں عائد کرکے حقائق اقوامِ عالم کی نظروں سے دور کردئیے گئے ہیں۔ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلۂ کشمیر کا حل ضروری ہے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں تاریخِ انسانی کا بد ترین کرفیو 128ویں روز میں داخل ہوچکا ہے جبکہ وادی میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں آج بھی جاری و ساری ہیں۔
عالمی یومِ انسانی حقوق کے موقعے پر بھی مظلوم کشمیریوں کو خوراک اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ قابض بھارتی فوج نے مظلوم کشمیریوں پر عرصۂ حیات تنگ کر رکھا ہے۔ ذرائع مواصلات کی عدم دستیابی کے باعث کشمیری عوام باہمی روابط سے قاصر ہیں۔
مزید پڑھیں: کشمیر میں کرفیو کا 128واں روز، انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری