اسلام آباد: پاور ڈویژن نے تین ماہ کے موسم سرما میں ماہ دسمبر، جنوری اور فروری کے دوران بجلی کے بلوں میں فی یونٹ 26 روپے تک ریلیف فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پاور ڈویژن نے پچھلے سال کی نسبت زائد بجلی کے استعمال پر ٹیرف میں رعایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ریلیف پیکیج کے تحت گھریلو صارفین کو فی یونٹ 26 روپے تک جبکہ کمرشل صارفین کو 22.71 روپے فی یونٹ تک رعایت دی جائے گی۔
پاور ڈویژن نے صنعتی صارفین کے لیے بھی فی یونٹ 15.05 روپے تک رعایت کا اعلان کیا ہے۔ اس پیکیج کے مطابق وہ صارفین جو 25 فیصد زائد بجلی استعمال کریں گے، اس ریلیف کے اہل ہوں گے۔
اس سے قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔
کراچی سمیت ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت اضافہ متوقع ہے، جس سے صارفین پر 8.73 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کو صارفین پر 8.72 ارب روپے کا اضافی بوجھ ڈالنے کے لیے درخواست جمع کرائی گئی ہے۔ یہ ایڈجسٹمنٹ موجودہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لیے ہے اور اس کا مقصد بڑھتے ہوئے توانائی کے اخراجات کو پورا کرنا ہے۔ نیپرا 20 نومبر کو اس تجویز پر سماعت کرے گا۔