اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وفاقی کابینہ کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں خطے کے امن و امان کی مجموعی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سفارتی محاذ پر پاکستان کی کاوشوں سے آگاہ کرتے ہوئے کابینہ اراکین کو بتائیں گے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے گئے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان اپنے بین الاقوامی رہنماؤں سے کیے گئے رابطوں پر کابینہ کو اعتماد میں لیں گے جبکہ کامیاب جواب پروگرام، بیرون ملک کمیونٹی ویلفیئر اتاشی لگانے اور اسلام آباد ہیلتھ کیئر ریگولیٹری اتھارٹی سلیکشن کمیٹی امیدواروں کے حوالے سے بھی اہم فیصلے کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے سعودی ولی عہد سے رابطہ
اجلاس میں غیر قانونی ماہی گیری ختم کرنے کے لیے جامع حکمت عملی پر مشتمل پلان بھی پیش کیا جائے گا جبکہ بجلی چوری کے فوجداری قوانین کا آرڈیننس بھی منظور کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ کابینہ اراکین عوامی مفادات سے متعلق تجاویز بھی پیش کریں گے اور بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے کنٹریکٹ پر رکھے گئے ملازمین کو ریگولرائز کرنے پر بھی غور ہوگا۔
یاد رہے کہ ایک ہفتہ قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا اجلاس دارالحکومت اسلام آباد میں ہوا جس میں وادی کشمیر کی تازہ ترین صورتحال اور خطے کے امن وامان پر اس کے اثرات ومضمرات سمیت نو نکاتی ایجنڈے پر بات چیت ہوئی۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس آج ہوگا