اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے آٹے اور چینی کے بحران کے ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کا عزم کر لیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ گندم اور چینی کا بحران مصنوعی طور پر لایا گیا۔ بحران کے ذمہ داروں کے بارے میں تحقیقاتی رپورٹ جلد سامنے لائی جائے گی۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ عوام کے لیے چینی اور آٹے کا بحران پیدا کرنے والوں کو سزا دئیے بغیر نہیں چھوڑیں گے۔ کوئی بھی شخص بحران میں ملوث ہو، اسے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت عوام کے مفادات کا تحفظ چاہتی ہے۔ عوام کے مفادات سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ سامنے آنے کے بعد صورتحال واضح ہوجائے گی۔ حکومتی پالیسیوں کے خلاف کام کرنے والے قانون کے شکنجے سے بچ نہیں سکیں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ تحریکِ انصاف کی حکومت مہنگائی میں کمی لانے کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر تین روز قبل اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے افراطِ زر میں کمی لانے کا فیصلہ کیا، افراطِ زر میں کمی لارہے ہیں اور یوٹیلٹی اسٹور کے ذریعے سبسڈی دی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: مہنگائی میں کمی لانے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔وزیر اعظم