کوئٹہ: پاک فضائیہ کی صوبہ بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے متاثرین کی ہر ممکن امداد کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بارش کے دوران حادثات اور سیلابی ریلوں کے باعث 200 سے زائد افراد جاں بحق جبکہ 80 سے زائد زخمی ہوئے۔ پاک فضائیہ امدادی کاموں میں پیش پیش ہے۔
بلوچستان میں بارش اور سیلاب نے تباہی مچا دی
ترجمان پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ پاکستان ائیر فورس سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ضرورت مند خاندانوں تک اشیائے ضروریہ کی ترسیل یقینی بنا رہی ہے۔ متاثرین میں 41 خیمے اور 12 ہزار کلوگرام بنیادی اشیائے خوردونوش تقسیم کی گئیں۔
واضح رہے کہ بلوچستان میں حالیہ سیلاب اور بارشوں کے دوران حادثات سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پہنچا ہے۔پاک فضائیہ کا کہنا ہے کہ ائیر فورس کی پیرا میڈیکل ٹیم نے 410 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔