لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے مسئلہ کشمیر کے حل تک پاک بھارت مذاکرات نہیں ہوسکتے۔ بھارت نے دو غلطیاں کی ہیں اور بات چیت کا کوئی راستہ نہیں چھوڑا۔
وزیر ریلوے نے گزشتہ روز میو گارڈن اور ننکانہ صاحب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاک بھارت جنگ ہوئی تو آخری جنگ ہوگی۔ پاکستان کے پاس پاؤ اور آدھا پاؤ کے بھی ایٹم بم موجود ہیں اور ہم انہیں استعمال کرنا بھی جانتے ہیں۔ پاکستان ایٹمی جنگ نہیں چاہتا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان آج ایک روزہ دورے کے لیے لاہور پہنچیں گے
شیخ رشید نے کہا کہ اگر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں کشمیر کا مسئلہ پوری دنیا میں اجاگر کریں گے۔ پاکستان ہماری زندگی اور موت کا سوال ہے۔ ایٹم بم کے ذریعے بھارت کے کسی بھی خاص علاقے کو ٹارگٹ کیا جاسکتا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ جس جوش و ولولے سے کشمیر کے مسئلے پر بھارتی وزیر اعظم کو عمران خان نے جواب دیا ہے، کوئی اور لیڈر نہیں دے سکتا۔ وزیر اعظم نے مسئلہ کشمیر کو زندہ کردیا ہے۔ ہم پاکستان کے دفاع کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں۔ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہی ہے اور ان کے آنے جانے پر پابندی عائد ہے جبکہ آسام میں تیس لاکھ لوگوں کو بھارت سے نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔کشمیر کے معاملے پر پاکستان کی لڑائی لڑنے پر میڈیا کو سلام پیش کرتا ہوں۔ ریلوے کے پہیے سے پاکستان کی معیشت وابستہ ہے۔
محکمہ ریلوے کی کارکردگی سے آگاہ کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ہم روز 138 مسافر ٹرینیں چلا رہے ہیں جو ریلوے کے اہلکاروں اور مزدوروں کی محنت کا صلہ ہے۔ آئندہ 6 مہینوں کے اندر اندر اگر فریٹ کا شعبہ درست نہ ہوا تو وزیر اعظم کا حکم ہے کہ اس شعبے کو پرائیوٹائز کیا جائے۔ سکھ بھائیوں کی سہولت کے لیے اسٹیشن کا نام بابا گرونانک رکھا گیا ہے جسے جلد مکمل کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاک بھارت جنگ شروع ہو گئی ہے۔جس ہتھیار سے دُشمن وار کرے گا، اُسی سے جواب بھی دیا جائے گا۔ آج پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے لیے اپنے گھروں سے نکل کر اظہارِ یکجہتی کرے گی۔
مزید پڑھیں: پاک بھارت جنگ شروع ہوچکی، دشمن کو بھرپور جواب دیں گے۔ شیخ رشید