لاہور ہائیکورٹ کے دروازے پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی؟ پولیس کو سخت وارننگ

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

لاہور ہائیکورٹ نے منڈی بہاؤالدین میں مبینہ طور پر زمیندار کی قید سے بازیاب مزدوروں اور بچوں کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا جبکہ پولیس سے مکمل رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی۔

جسٹس غلام سرور نہنگ نے حمیرا بی بی کی درخواست پر سماعت کی، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ایک زمیندار نے رشتے داروں اور مزدوروں کو مبینہ طور پر قید کر رکھا ہے انہیں اجرت نہیں دی جاتی اور تشدد بھی کیا جاتا ہے۔

عدالت نے بازیاب افراد کو آزاد کرنے کا حکم دیا، تاہم ہائیکورٹ سے باہر نکلتے ہی بچوں اور بازیاب افراد کے معاملے پر شور شرابا ہوگیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے خدشہ ظاہر کیا کہ انہیں دوبارہ اٹھایا جاسکتا ہے جس پر عدالت نے صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

ایس ایچ او ضیاء نے عدالت کو بتایا کہ بازیاب افراد عدالت میں موجود ہیں اور اپنی مرضی سے کہیں بھی جاسکتے ہیں۔ عدالتی عملے نے انہیں ہائیکورٹ سکیورٹی کے حوالے کردیا۔

عدالت نے آٹھ سالہ بچی کو بھی بازیاب کراکے پیش کرنے کا حکم دیا اور عدالتی حکم کی خلاف ورزی پر مقدمہ درج کرنے کی تنبیہ کی۔ عدالت نے پولیس سے مکمل رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 24 اگست تک ملتوی کردی۔

Related Posts