وزیراعظم شہباز شریف نے مکہ مکرمہ کی جانب ڈرون حملے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں مکہ مکرمہ جیسے مقدس مقام کو نشانہ بنانے کی کوشش کو انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ قبول قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مقدس شہر کے خلاف اس اقدام پر پاکستانی قوم کو گہری تشویش اور دکھ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حرمین شریفین کا تقدس اور سلامتی ہر پاکستانی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہمیشہ اپنے برادر ملک کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
وزیراعظم نے سعودی مسلح افواج کی بروقت کارروائی کو بھی سراہا جس کے نتیجے میں ڈرون کو مکہ مکرمہ کی ممنوعہ فضائی حدود میں داخل ہونے سے قبل ہی روک دیا گیا۔ انہوں نے سعودی افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، مستعدی اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
واضح رہے کہ سعودی فضائی دفاعی فورسز نے مکہ مکرمہ کی سمت آنے والے ایک ڈرون کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک کر تباہ کردیا تھا تاہم دوسری جانب حوثی حکام نے مکہ مکرمہ کو ڈرون کے ذریعے نشانہ بنانے کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








