سندھ کے شہر سانگھڑ کے قریب وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے مقام پر حادثے سے متأثرہ ریلوے ٹریک کو 24 گھنٹوں کی مسلسل مرمت کے بعد بحال کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متأثرہ ریلوے ٹریک کی بحالی کے بعد پنجاب سے کراچی آنے والی متعدد مسافر ٹرینوں کی آمدورفت کا سلسلہ بحال ہوگیا۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بحال کردہ ڈاؤن ٹریک سے رحمان بابا ایکسپریس، فرید ایکسپریس اور زکریا سمیت دیگر ٹرینیں کراچی کیلئے روانہ ہوگئیں۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق ریلوے آپریشن کو ٹریک کی مرمت کے بعد بتدریج معمول پر لائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ایک جانب ڈاؤن ٹریک مکمل طور پر فعال ہوگیا تاہم اپ ٹریک کی بحالی کیلئے کام جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک کی مرمت کیلئے مزید وقت درکار ہے۔
اپ ٹریک کی مرمت کے بعد دونوں اطراف ریلوے ٹریک مکمل طور پر بحال کردیا جائے گا۔ ریلوے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اپ ٹریک کی بحالی تک ٹرینوں کی آمدورفت کو دستیاب ٹریک کے ذریعے مرحلہ وار جاری رکھا جائے گا جس کا مقصد مسافروں کی مشکلات کو کم سے کم کرنا ہے۔
خیال رہے کہ کراچی سے پنجاب جاتے ہوئے کوئلہ بردار مال گاڑی وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر جانے کے باعث گزشتہ روز وہاب شاہ ریلوے اسٹیشن کے مقام پر اپ اور ڈاؤن دونوں ریلوے ٹریک متأثر ہوئے، جس کی وجہ سے ملک کے اہم ریلوے روٹ پر ٹرینوں کی آمدورفت بندش کا شکار تھی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








