عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں نے گزشتہ کاروباری سیشن میں دو ماہ کی کم ترین سطح پر آنے کے بعد بدھ کو دوبارہ اوپر کی جانب سفر شروع کردیا جس کے نتیجے میں برینٹ اور امریکی خام تیل دونوں کے نرخوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
کاروباری اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 71 سینٹ بڑھ کر 92.20 ڈالر فی بیرل ہوگئی جو 0.78 فیصد اضافے کو ظاہر کرتی ہے۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل بھی 49 سینٹ مہنگا ہوگیا جس کے بعد اس کی فی بیرل قیمت 86.53 ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس میں 0.57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ قیمتیں گرینچ معیاری وقت (GMT) کے مطابق رات 1 بج کر 19 منٹ پر ریکارڈ کی گئیں جو پاکستانی معیاری وقت (PST) کے مطابق صبح 6 بج کر 19 منٹ بنتے ہیں۔
امریکی خام تیل کے ذخائر میں 90 لاکھ بیرل کا اضافہ
امریکا میں خام تیل کے ذخائر بڑھنے کا انکشاف ہوا ہے۔ مارکیٹ ذرائع نے امریکی پٹرولیم انسٹی ٹیوٹ (API) کے اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ 6 نومبر کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران امریکی خام تیل کے ذخائر میں 90 لاکھ بیرل کا اضافہ ہوا۔
توانائی کی عالمی منڈی میں امریکی ذخائر کے اعداد و شمار کو اہمیت حاصل ہے،کیونکہ ان میں تبدیلی تیل کی طلب اور رسد سے متعلق مارکیٹ کے رجحانات پر اثر انداز ہوسکتی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








