خیبرپختونخوا کے اضلاع صوابی اور کوہاٹ میں فائرنگ کے الگ الگ واقعات نے خوف و ہراس پھیلا دیا جن کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت 4 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جبکہ 7 دیگر شدید زخمی ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع صوابی کے علاقے گڈوڈ آباد لار میں مبینہ طور پر دیرینہ دشمنی کے باعث فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں متعدد افراد گولیوں کا نشانہ بنے۔ واقعے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ سات افراد زخمی ہوئے۔
اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 کی تین ایمبولینسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ امدادی اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد باچا خان اسپتال منتقل کردیا۔
صوابی میں فائرنگ سے 4 افراد جاں بحق 5 زخمی ہوگئے،زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا،واقعہ دیرینہ دشمنی پر پیش آیا https://t.co/3nsJzgOEuU
— Ali Tanoli (@alitanoli889) November 10, 2026
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کی شناخت رحمان شیر، زاہد گیلانی، عمران، عامر، یوسف خان، محمد عتیق اور مسعود خان کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ جاں بحق افراد میں سے ایک کی شناخت حافظ مولانا آفتاب کے نام سے کی گئی ہے جو تورخیل مسجد کے پیش امام بتائے جاتے ہیں۔
خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی میں گڈوڈ آباد لار، نیشنل بینک کے قریب فائرنگ کے افسوسناک واقعے میں درجنوں افراد زخمی جبکہ 7 سے 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں تشویش کی فضا ہے۔ ہلاکتوں اور زخمیوں کی تعداد سے متعلق مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔ https://t.co/ZdEkrWuXag
— Sanaullah khan (@Sanaullahdaad) November 10, 2026
مقامی ذرائع کے مطابق فائرنگ کی زد میں آنے والوں میں بڑی تعداد راہگیروں کی ہے جبکہ ایک اسکول کے بچے کو بھی گولی لگنے کی اطلاع ہے۔
دوسری جانب ضلع کوہاٹ کے علاقے بہرام آباد، نیو مرکز روڈ پر فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 56 سالہ نذیر علی شاہ جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق اطلاع ملتے ہی طبی ٹیم موقع پر پہنچی اور شدید زخمی شخص کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کوہاٹ منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
جاں بحق شخص کی شناخت نذیر علی شاہ ولد سادت علی شاہ، رہائشی شاہ آباد کالونی جرونڈہ کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کی وجوہات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








