اینکر ربیعہ احسن کی موت کا معاملہ پیچیدہ! بھائی نے کیس واپس لیا یا نہیں؟ حقائق سامنے

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

نجی ٹی وی چینل کی اینکر پرسن ربیعہ احسن کی پراسرار موت کا معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا ہے۔ مقتولہ کے بھائی اور مقدمے کے مدعی خرم احمد نے کیس واپس لینے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ اپنی بہن کے قتل کو معاف نہیں کرسکتے اور پولیس کو واقعے کی اصل وجوہات سامنے لانی چاہییں۔

خرم احمد کا کہنا ہے کہ مقدمہ واپس لینے کا ان کا کوئی ارادہ نہیں اور تفتیش مکمل کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے۔ اس سے قبل انہوں نے بی بی سی کو بتایا تھا کہ خاندان اس واقعے کو حادثہ سمجھتا ہے اور میاں بیوی کے درمیان شادی کے 14 سال کے دوران کسی بڑے اختلاف یا جھگڑے کی اطلاع نہیں تھی۔

دوسری جانب پولیس نے واقعے کے مقدمے میں گرفتار ربیعہ احسن کے شوہر احسن کو عدالت میں پیش کرکے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق ربیعہ کی لاش 8 نومبر کو راولپنڈی کے علاقے گلشن آباد میں واقع ان کے گھر سے ملی تھی۔ ان کی گردن کے نچلے حصے پر گولی لگنے کا زخم تھا جبکہ جائے وقوعہ سے غیر قانونی 30 بور پستول بھی برآمد کیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے مقتولہ کے شوہر کو گرفتار کیا تھا جو اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر ہیں۔ تھانہ صدر بیرونی میں خرم احمد کی مدعیت میں قتل کی دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے مطابق ملزم نے ابتدائی تفتیش میں موقف اختیار کیا کہ وہ الماری سے پستول نکال رہے تھے کہ اچانک گولی چل گئی، جو ربیعہ کی گردن میں لگی۔

ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق گولی سامنے سے گردن کے نچلے حصے میں لگی جسکے نتیجے میں ان کی موت واقع ہوئی۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ جائے وقوعہ سے حاصل کیے گئے فرانزک نمونے لیبارٹری بھجوا دیئے گئے ہیں جبکہ حتمی نتائج پوسٹ مارٹم، فرانزک رپورٹ اور مزید تفتیش کی روشنی میں مرتب کیے جائیں گے۔

Related Posts