دریائے سندھ کے پانی میں تحلیل شدہ اجزا (TDS) کی مقدار میں نمایاں اضافے کے بعد حیدرآباد، جامشورو اور کوٹری کے شہریوں کی صحت سے متعلق خدشات بڑھ گئے ہیں۔ متعلقہ حکام نے صورتحال کے پیش نظر شہریوں کو دریا کا پانی پینے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کوٹری بیراج کے انجینئر نے پانی کے معیار میں خرابی کی نشاندہی کرتے ہوئے حیدرآباد کے سپرنٹنڈنگ انجینئر، باغیار سرکل کو خط ارسال کیا ہے۔
خط کے مطابق دریائے سندھ میں ٹی ڈی ایس کی مقدار ستمبر کے دوران 660 ملی گرام فی لیٹر تھی جو یکم اکتوبر کو بڑھ کر 940 ملی گرام فی لیٹر ہوگئی جس پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ آلودہ پانی کا استعمال گردوں کے امراض، ہیپاٹائٹس، جلدی مسائل اور معدے و آنتوں کی بیماریوں کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔ بروقت اقدامات نہ ہونے کی صورت میں یہ مسئلہ صحت عامہ کے لیے سنگین صورتحال اختیار کرسکتا ہے۔
دوسری جانب کوٹری بیراج کے انجینئر نے منچھر جھیل اور مٹیاری شوگر مل سے آلودہ پانی دریائے سندھ میں شامل ہونے کی روک تھام کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں پانی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے سکھر بیراج سے کوٹری کی جانب اضافی میٹھا پانی چھوڑنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔
متعلقہ حکام پر زور دیا گیا ہے کہ پانی کی آلودگی پر قابو پانے، باقاعدہ ٹیسٹنگ اور شہریوں کو صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








