موسمیاتی تبدیلی کے باعث بڑھتی گرمی کے ساتھ سپر ال نینو کے واقعات انسانی جانوں کے لیے مزید خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں۔ نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ انتہائی شدید ال نینو کے دوران دنیا بھر میں گرمی سے ہونے والی اموات میں سالانہ ایک لاکھ سے زائد اضافہ ہوسکتا ہے۔
اسپین کے سائنسدانوں کی جانب سے کی گئی تحقیق کے مطابق شدید ال نینو کے برسوں میں گرمی سے ہونے والی اموات میں سالانہ ایک لاکھ 7 ہزار 35 کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سردی سے ہونے والی اموات میں ایک لاکھ 12 ہزار 681 کی کمی دیکھی گئی۔
تحقیق کے نتائج معروف سائنسی جریدے نیچر میڈیسن میں شائع ہوئے ہیں۔ اس مقصد کے لیے محققین نے 1980 سے 2023 تک 100 سے زائد ممالک کے موسمیاتی حالات اور اموات کے اعداد و شمار کا تجزیہ کیا جس میں 2015-16 کا شدید ال نینو بھی شامل تھا۔
ال نینو کیا ہے؟
ال نینو بحرالکاہل کے استوائی حصے میں سمندر کی سطح کا درجہ حرارت معمول سے زیادہ بڑھنے کا قدرتی موسمیاتی عمل ہے۔ اس کے اثرات دنیا بھر کے موسم پر مرتب ہوتے ہیں اور شدید گرمی، خشک سالی، غیر معمولی بارشوں، سیلاب اور جنگلاتی آگ کے امکانات بڑھ سکتے ہیں۔
محققین کے مطابق اس رجحان کے باعث گرمی سے اموات میں اضافے کا سب سے زیادہ خطرہ استوائی خطوں کے ان ممالک کو لاحق ہے جہاں صحت عامہ اور موسمیاتی تحفظ کے وسائل محدود ہیں۔
تحقیق کی مرکزی مصنفہ نتالیا شارتووا کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر گرمی سے اموات میں اضافے اور سردی سے اموات میں کمی کے اعداد و شمار بظاہر ایک دوسرے کا توازن دکھاتے ہیں، لیکن کم وسائل رکھنے والے ممالک میں موسمیاتی اثرات کا مجموعی نقصان زیادہ ہوسکتا ہے۔
2026 کے سپر ال نینو کے اثرات
سائنسدانوں نے واضح کیا ہے کہ موجودہ تحقیق کی بنیاد پر 2026 کے ممکنہ سپر ال نینو سے ہونے والی اموات کی براہ راست پیش گوئی نہیں کی جاسکتی تاہم شکاگو یونیورسٹی کے کلائمیٹ امپیکٹ لیب کی ایک الگ رپورٹ میں ستمبر 2026 سے فروری 2027 کے دوران دنیا بھر میں تقریباً 4 لاکھ 51 ہزار اضافی اموات کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
ماہرین کے مطابق موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ ال نینو کے اثرات مزید پیچیدہ ہوسکتے ہیں اس لیے ممالک کو شدید موسمی حالات سے نمٹنے، صحت کی سہولیات بہتر بنانے اور کمزور آبادیوں کے تحفظ کے لیے بروقت اقدامات کرنا ہوں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








