رنگ روڈاسکینڈل کی انکوائری مکمل، راولپنڈی اور اٹک کے ڈی سیز عہدوں سے فارغ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری مکمل ہو گئی جس کے بعد اٹک اور راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنرز کو عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل کی انکوائری مکمل ہونے کے بعد ڈی سی راولپنڈی اورڈی سی اٹک سمیت دیگر اعلیٰ افسران کو عہدوں سے فارغ کردیا گیا جبکہ کمشنر راولپنڈی کو پہلے ہی تبدیل کیا جاچکا ہے۔

 باوثوق ذرائع کے مطابق  اسکینڈل کی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی کہ رنگ روڈ کے اصل نقشے کو تبدیل کرکے اس میں مزید نئے راستے شامل کردئیے گئے تھے جن کا انتخاب چند اہم شخصیات کو فائدہ پہنچانے کیلئے عمل میں لایا گیا۔

مذکورہ شخصیات کی زمینیں مبینہ طور پر رنگ روڈ میں آتی تھیں، نئے راستے شامل کرنے پر لاگت میں مزید 25 ارب روپے کا اضافہ ہوا جس کا معاملہ وزیرِ اعظم کے علم میں آگیا جس کے بعد حکومت نے رنگ روڈ منصوبہ رکوا دیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان کی ہدایت پر تحقیقات عمل میں لائی گئیں۔ اسکینڈل سامنے آنے پر کمشنر راولپندی کیپٹن ریٹائرڈ محمد محمود کو پہلے ہی تبدیل کردیا گیا تھا جن سے وزیرِ اعظم نے خود معلومات لی تھیں۔ رات گئے ڈی سی راولپنڈی اور اٹک کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔

اے سی صدر راولپنڈی غلام عباس اور اسسٹنٹ کمشنر فتح جنگ عظیم شوکت اعوان کو بھی تبدیل کردیا گیا۔ اے ڈی سی ریونیو راولپنڈی شعیب علی، اے ڈی سی جنرل راولپنڈی قاسم اعجاز اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو اٹک شہریار عارف خان کو بھی عہدوں سے فارغ کیا گیا ہے۔

حکومت کے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے تحت ڈی سی چکوال کو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا اضافی چارج دے دیا گیا۔راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے پر تحقیقات کے دوران سامنے آنے والے انکشافات کے نتیجے میں وفاقی حکومت کو ذمہ داران کو عہدوں سے ہٹانا پڑا۔ 

Related Posts