پریزائیڈنگ افسر پیپلز پارٹی کے امیدوار کے گھر میں پولنگ کروانے لگا! رانا ثنا اللہ کا انکشاف

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ فائل)

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات سے قبل سیاسی ماحول گرم ہوگیا ہے۔ وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کوٹلی کے حلقہ ایل اے 10 میں مبینہ دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے انتخابی عمل پر سوالات اٹھاتے فوری تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں ایک پریزائیڈنگ افسر اور پٹواری کو پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین کے گھر سے پولنگ بیگز سمیت پکڑا گیا ہے۔

انہوں نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور اور چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ متعلقہ پریزائیڈنگ افسر اور پٹواری سے مکمل تحقیقات کی جائیں اور اس معاملے پر وضاحت دی جائے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ انکوائری مکمل ہونے اور حقائق سامنے آنے تک حلقہ ایل اے 10 میں انتخابی عمل روک دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے یہ معلوم ہونا ضروری ہے کہ پولنگ بیگز کہاں کہاں منتقل کیے گئے۔

رانا ثنا اللہ نے ثقلین اور قیصر پٹواری سے بھی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ معلوم کیا جائے کہ انہوں نے مزید کہاں کہاں مبینہ دھاندلی کی کوشش کی۔انہوں نے کہا کہ چوہدری یاسین صرف اس حلقے سے امیدوار ہی نہیں بلکہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر بھی ہیں۔

ان کے مطابق آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے اور چوہدری یاسین کے قریبی ساتھی ثقلین کے ساتھ سرکاری گاڑی میں تین پریزائیڈنگ افسران کی روانگی نے انتخابی شفافیت پر سوالات کھڑے کر دئیے ہیں۔

رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ تحقیقات کے نتائج سامنے آنے تک اس حلقے کے انتخابی نتائج کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں آج پولنگ ہو رہی ہے۔ پولنگ کا وقت صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک مقرر ہے۔

Related Posts