ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکی فوجیوں کے جانی نقصان کے اعداد و شمار میں بڑا اضافہ سامنے آگیا۔ پینٹاگون نے تازہ ڈیٹا جاری کرتے ہوئے ہلاک اور زخمی اہلکاروں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ظاہر کیا ہے جس کے بعد جنگ کے نقصانات کی نئی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
پینٹاگون نے اپنے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم (DCAS) کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے مزید 140 سے زائد زخمی فوجیوں کا اندراج کیا جبکہ ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے 4 فوجیوں کو بھی دوبارہ فہرست میں شامل کر دیا گیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق DCAS میں اوورسیز آپریشنز کے نام سے نئی کیٹیگری شامل کی گئی ہے جس میں 7 جولائی کے بعد بیرون ملک کارروائیوں میں ہونے والے نقصانات کا ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس نئے ڈیٹا کو آپریشن ایپک فیوری کے اعداد و شمار کے ساتھ ملایا جائے تو 28 فروری سے ایران کے خلاف شروع ہونے والی جنگ میں اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 624 زخمی ہو چکے ہیں۔
پینٹاگون کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں 11 فوجی آرمی، 6 ایئر فورس اور ایک نیوی سے تعلق رکھتا ہے جبکہ زخمی اہلکاروں میں آرمی کے 461، نیوی کے 86، میرینز کے 19 اور ایئر فورس کے 58 اہلکار شامل ہیں۔
اس سے قبل امریکی میڈیا اور قانون سازوں نے پینٹاگون کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا کہ ایرانی حملوں کے باوجود فوجی نقصانات کے اعداد و شمار کم ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
نئی کیٹیگری میں شامل تفصیلات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اردن میں ایرانی حملے میں مارے جانے والے 3 امریکی فوجی اور شمالی عراق میں ایرانی ڈرون ناکارہ بنانے کی کوشش کے دوران ہلاک ہونے والا ایک اہلکار بھی شامل ہے تاہم پینٹاگون نے یہ واضح نہیں کیا کہ تمام نقصانات کس مخصوص کارروائی سے متعلق ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








