وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کرتے ہوئے پیٹرول 3 روپے 93 پیسے فی لیٹر سستا کردیا تاہم ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی قیمتوں کے مطابق پیٹرول اب 386 روپے 30 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر برقرار رہے گی۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 17 اکتوبر سے 19 اکتوبر 2026 تک ہوگا۔
پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقرر کردہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت ایکس ڈپو قیمتوں پر نظرثانی کی ہے۔
اعلامیے میں بتایا گیا کہ عالمی مارکیٹ میں ہونے والی تبدیلیوں، بالخصوص پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات میں اتار چڑھاؤ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کیا گیا ہے۔ اس مرتبہ نئی قیمتوں کا اطلاق صرف تین روز، یعنی ہفتہ وار تعطیلات کے دوران ہوگا۔
اس سے قبل بدھ کے روز حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی کرتے ہوئے اسے 390 روپے 23 پیسے مقرر کیا تھا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 پیسے فی لیٹر اضافہ کرکے اسے 396 روپے 96 پیسے فی لیٹر کردیا گیا تھا۔
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتیں بھی زیرِ بحث
دوسری جانب عالمی منڈی میں جمعہ کے روز خام تیل کی قیمتوں میں محدود اتار چڑھاؤ دیکھا گیا تاہم مشرق وسطیٰ سے تیل کی فراہمی کے حوالے سے غیر یقینی صورت حال اور امریکی خام تیل کے ذخائر میں توقعات سے زیادہ کمی کے باعث قیمتیں ہفتہ وار اضافے کی جانب گامزن رہیں۔
گرینچ معیاری وقت کے مطابق صبح 11 بج کر 7 منٹ پر برینٹ کروڈ کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 36 سینٹ، یعنی 0.34 فیصد اضافے کے ساتھ 106.28 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔ اس کے برعکس امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت 19 سینٹ، یعنی 0.19 فیصد کمی کے بعد 97.78 ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی گئی۔
ادھر بین الاقوامی توانائی ایجنسی کی جانب سے مزید ایندھن مارکیٹ میں جاری کرنے کے اقدام کے بعد یورپی منڈی میں ڈیزل کے تجارتی منافع میں کمی دیکھی گئی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ ردوبدل کے دوران عالمی منڈی کے نرخوں اور متعلقہ اخراجات کو مدنظر رکھا گیا ہے جبکہ پیٹرول کی نئی قیمت میں کمی سے صارفین کو فی لیٹر 3 روپے 93 پیسے کا ریلیف ملے گا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








