جماعت اسلامی کیساتھ بیٹھ کر کراچی کیلئے اچھا سیٹ اپ لانے کیلئے تیار ہیں، سعید غنی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے صدر اور صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ جماعت اسلام کے ساتھ بیٹھ کر کراچی کے لئے اچھا سیٹ اپ لانے کے لئے تیار ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان تک جو اطلاعات پہنچائی جا رہی ہیں وہ درست نہیں ہیں، حافظ نعیم کے پاس 94 نشستیں جیتنے کی اطلاعات غلط ہیں۔

میئر کے حوالے سے سعید غنی نے کہا کہ ہماری ترجیح جماعت اسلامی ہے ،ہم ان سے بات کرنا چاہتے ہیں، زیادہ بہتر ہوگا جماعت اسلامی اور پیپلز پارٹی آپس میں بات کر لیں، یہ طے ہو سکتا ہے کہ میئر جماعت اسلامی سے ہو گا یا پیپلز پارٹی سے لیکن یہ سارے معاملات بات چیت کے ذریعے ہی طے ہو سکتے ہیں، جماعت اسلامی کے ساتھ بیٹھ کر کراچی کے لیے اچھا سیٹ اپ لانے کے لیے تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:

نئی فوجی قیادت سے کوئی تعلق نہیں، الیکشن اپریل میں ہوں گے۔عمران خان

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے جیتنے والے امیدواروں نے بھی دوبارہ گنتی کی درخواست دی ہے کہ ووٹ کم ہیں، جماعت کی درخواست پر دوبارہ گنتی پر ہم نے طوفان برپا نہیں کیا، اختر کالونی کی یوسی پر دوبارہ گنتی ہوئی، جماعت کو اندازہ ہوا کہ اختر کالونی کی سیٹ جا رہی ہے تو ہنگامہ آرائی کی، ہمیں بھی کئی جگہوں پر نتائج پر اعتراض ہے، جو دوبارہ گنتی ہو رہی ہے اس کا حصہ بنیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا ڈسٹرکٹ ویسٹ میں جماعت اسلامی نے آر او دفتر کو یرغمال بنا لیا، حافظ نعیم الرحمان نے کمشنر سے بات کرتے ہوئے انھیں دھمکی دی، سرکاری افسر کو دھمکی دینا اور اسے یرغمال بنانا مناسب بات نہیں، یہ طور طریقے کسی اور کے ہو سکتے ہیں جماعت اسلامی کے نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کچھ لوگ ناراض تھے، غصے میں تھے، میں نے انھیں اکسایا نہیں، ہم اپنے جذباتی اور سڑکوں پر آنے والے کارکنوں کو سمجھاتے ہیں، ہمارے کارکن بھی جذباتی ہیں، غصے میں ہیں، اگر سب دھمکائیں گے، یرغمال بنائیں گے تو عجب صورتحال ہو جائے گی۔

پیپلز پارٹی کراچی کے صدر نے کہا کہ جماعت اسلامی کو توقع سے زیادہ نشستیں ملیں لیکن ہماری نشستیں توقع سے زیادہ نہیں ہیں، لیاری کا علاقہ ہمارا ہے، وہاں 12 سے 11 نشستیں جیتیں تو حیرت انگیز نہیں، منگھو پیر ٹاؤن میں 16 سے 10 جیتیں تو حیرت کی بات نہیں، ایک جماعت صفر سے 100 پر چلی جائے تو حیرت کی بات ہے، جماعت اسلامی نے جہاں جہاں احتجاج کیا، نشستیں ان ہی کی نکلیں۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ سینٹرل میں کسی ایسے علاقے سے نشست نہیں جیتی کہ کسی کو حیرت ہو، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے علاقوں سے جماعت جیت جائے تو حیرت نہیں ہے۔

Related Posts